کرشن چندر کے قلم اور وکاس کپور کی ہدایت کاری سے سجا طنزیہ ڈرامہ ’تھالی کا بینگن‘

ممبئی: اندھی عقیدت، مذہبی موقع پرستی، توہم پرستی اور عوامی جذبات کے استحصال جیسے حساس موضوعات کو مزاح اور طنز کے مؤثر پیرائے میں پیش کرنے والا معروف افسانہ نگار کرشن چندر کی لازوال کہانی پر مبنی ڈراما ’تھالی کا بینگن‘ ممبئی کے ماٹونگا واقع میسور ایسوسی ایشن آڈیٹوریم میں کامیابی کے ساتھ اسٹیج کیا گیا۔ یہ پیشکش اِپٹا کے زیرِ اہتمام جاری نیشنل ڈراما فیسٹیول کے دوران ممتاز ڈراما تنظیم آکنکشا (جودھپور اِپٹا) کے بینر تلے پیش کی گئی، جس نے حاضرین کو بے حد متاثر کیا۔
ڈرامے میں سماج میں پھیلی مذہبی منافقت، اندھی تقلید اور موقع پرستی پر نہایت تیکھے مگر شائستہ طنز کے ذریعے کاری ضرب لگائی گئی۔ ہال میں موجود ناظرین نے برجستہ مکالموں، شاندار اداکاری اور فکر انگیز مناظر کو بے حد سراہا۔ شدید گرمی کے باوجود ڈراما دیکھنے کے لیے شائقینِ فن کی بڑی تعداد آڈیٹوریم پہنچی، جو اس بات کا ثبوت تھا کہ معیاری تھیٹر آج بھی لوگوں کو اپنی جانب متوجہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
ڈاکٹر وکاس کپور کی ہدایت کاری نے ڈرامے کو ایک نئی جہت عطا کی۔ انہوں نے نہ صرف کہانی کے طنزیہ اور مزاحیہ پہلوؤں کو مؤثر انداز میں پیش کیا بلکہ سماجی پیغام کو بھی پوری شدت اور فنی خوبصورتی کے ساتھ ناظرین تک پہنچایا۔ ڈراما یہ پیغام دینے میں مکمل طور پر کامیاب رہا کہ کس طرح بعض خود غرض عناصر مذہب اور عقیدت کے نام پر عوامی جذبات کا استحصال کرتے ہیں اور اس کا نقصان بالآخر عام سماج کو اٹھانا پڑتا ہے۔
پروگرام کے اختتام پر حاضرین نے کھڑے ہو کر تالیوں کی گونج میں فنکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر تھیٹر اور فلمی دنیا سے وابستہ کئی معروف پروڈیوسر، ہدایت کار اور فنکار بھی موجود تھے، جنہوں نے پیشکش کو سراہتے ہوئے فنکاروں کو مبارکباد پیش کی۔
فنکاروں کی شاندار اداکاری نے ڈرامے کو یادگار بنادیا
ڈرامے کی کامیابی میں اس کے فنکاروں کی جان دار اداکاری نے کلیدی کردار ادا کیا۔ اہم کرداروں میں انوج اروڑا نے “اندر” کے کردار میں بھرپور تاثر چھوڑا، جبکہ ڈاکٹر نیتو پریہار نے “سندری” کے کردار کو نہایت خوبصورتی سے نبھایا۔ راجکمار چوہان بطور “ماسٹر جی” نمایاں رہے۔ جے دیپ اور پروین شرما نے “گنیش میاں/منن میاں” کے کردار میں عمدہ اداکاری پیش کی، جبکہ محمد حاشر کشفی نے “حاجی چھنن” کے کردار کو مؤثر انداز میں پیش کیا۔
اسی طرح شرد شرما بطور “سائی کرم شاہ”، ہیمانشو جوشی بطور “پنڈت رام دیال”، افضل حسین بطور “مولوی صاحب”، انتیما ویاس بطور “ٹی وی رپورٹر” اور دیپتانشو ویاس بطور “پُتن” ناظرین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ معاون اور کورس فنکاروں میں کیلاش گہلوت، آرادھیا پریہار، آدتیہ، ساحل، سوربھ کچواہا اور محمد حاشر کشفی نے بھی اپنی بہترین کارکردگی سے ڈرامے کو کامیاب بنایا۔
بیک اسٹیج ٹیم کی محنت بھی قابلِ ستائش
ڈرامے کو فنی اور تکنیکی اعتبار سے کامیاب بنانے میں بیک اسٹیج ٹیم نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ گیتوں کی کمپوزیشن انوج اروڑا نے ترتیب دی، جبکہ ریکارڈنگ سنیل گوڑ (گوڑ اسٹوڈیو، جودھپور) نے انجام دی۔ ملبوسات کی ذمہ داری کیلاش گہلوت اور ڈاکٹر نیتو پریہار نے سنبھالی، جبکہ میک اپ انتیما ویاس اور کیلاش گہلوت نے کیا۔
اسٹیج انتظام پروین شرما اور مایا نے سنبھالا، صوتی اثرات رونق گہلوت نے ترتیب دیے، جبکہ اسٹیج لائٹنگ محمد شفیع نے انجام دی۔ پروگرام کے پیشکش کنٹرولر پروین کمار جھا رہے، جنہوں نے پورے پروگرام کو منظم انداز میں کامیاب بنایا۔




