شادی کی بارات لے جانے والی بس حادثہ کا شکار – 4 افراد ہلاک 20 زخمی – تلنگانہ کے وقارآباد ضلع میں حادثہ

وقارآباد _ 20 مئی ( اردولیکس) شادی کی بارات لے جانے والی خانگی بس حادثہ کا شکار ہوگئی جس میں چار باراتیوں کی موت ہوگئی ۔یہ افسوناک واقعہ تلنگانہ کے وقارآباد ضلع کے پرگی علاقے میں قومی شاہراہ 163 کے قریب رنگا پور کے مقام پر منگل کی صبح پیش آیا۔
حادثے میں شادی کی بارات کو لے جانے والی ایک خانگی ٹراویل بس سڑک کے کنارے کھڑی ایک لاری سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں چار افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ 20 سے زائد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں سے 6 کی حالت تشویشناک ہے
۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت ملیش، سندیپ، بالامنی اور ہیملتا کے ناموں سے کی گئی ہے۔ پولیس اطلاع ملتے ہی جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ یہ افراد شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس جا رہے تھے۔ تمام مسافر رنگا ریڈی ضلع کے شاد نگر منڈل کے چندن ویلی گاؤں کے رہائشی تھے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔