پینٹ کے جیب میں موبائیل فون پھٹنے سے نوجوان زخمی – حیدراباد کے عطا پور میں واقعہ

حیدرآباد _ 4 جولائی ( اردولیکس) حیدرآباد کے راجندر نگر پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع عطاپور کے قریب ایک نوجوان کے ساتھ جمعہ کی صبح خطرناک واقعہ پیش آیا اس کی جیب میں رکھا موبائل فون اچانک پھٹ پڑا۔
تفصیلات کے مطابق، سرینواس نامی نوجوان جو پیشہ سے پیننٹر بتایا گیا ہے بائیک پر سفر کر رہا تھا اور اس کی پینٹ کی جیب میں ویوو کمپنی کا موبائل فون رکھا ہوا تھا
۔ عطاپور کے قریب پہنچتے ہی اسے محسوس ہوا کہ فون غیر معمولی طور پر گرم ہو رہا ہے۔ اس نے فوراً بائیک روکی، لیکن اس سے پہلے کہ وہ کوئی قدم اٹھاتا، فون اچانک اس کی جیب میں ہی زور سے پھٹ گیا۔
فون پھٹتے ہی شعلے نکلے، تاہم سرینواس نے فوراً ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے موبائل کو جیب سے باہر نکال دیا۔ اس واقعہ میں اس کی ران پر جلنے کے زخم آئے۔
ہاسپٹل میں علاج کرنے والے ڈاکٹر جگن موہن ریڈی کے مطابق، فون کی گرمی اور دھماکے کی شدت سے ران کی جلد بری طرح متاثر ہوئی ہے اور زخم جلد کی گہری تہہ تک پہنچ گئے ہیں۔ اگر سرینواس فوری ردعمل نہ دیتا تو نقصان پٹھوں تک پہنچ سکتا تھا۔