جرائم و حادثات

سعودی عرب ۔ رقم کے تنازعہ پر ہندوستانی شہری کو قتل کرنے والے بنگالیوں کو سزائے موت 

ریاض ۔ کے این واصف

سعودی وزارت داخلہ کے جاری بیان کے مطابق جازان ریجن میں انڈین شہری کو قتل کرکے نعش کو دفنانے والے دو بنگالیوں کی سزائے موت پرعمل درآمد کردیا گیا۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق جازان ریجن کی پولیس نے قتل کے الجھے ہوئے واقعے کا سراغ لگا لیا۔

 

نامعلوم قاتلوں نے اپنی دانست میں نعش کو دفنا کر ثبوت ختم کر دیے تھے مگر پولیس اہلکاروں نے نہ صرف وادارت کا سراغ لگایا بلکہ قاتلوں کو بھی گرفتار کرلیا۔واقعے کی تفصیلات میں مزید کہا گیا ہے کہ جازان ریجن میں مقیم دوبنگالیوں نے رقم میں لین دین پر اختلاف ہونے پر اپنے انڈین ساتھی کو قتل کردیا۔

 

پولیس کا کہنا تھا کہ اقبال جرم کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے انڈین شہری کو گاڑی میں سوار کیا اور صحرا میں لے گئے جہاں پہنچ کر ایک نے اس کے کے گلے میں رومال سے پھندا ڈالا، جبکہ دوسرے نے اس کے منہ میں کیڑے مار دوائی کا سپرے کردیا اورگلا کھونٹ دیا۔ملزمان نے اپنی دانست میں نعش کو دفنا کر ثبوت مٹانے کی کوشش کی مگر پولیس ان تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی۔

 

تفتیش کے دوران دونوں نے واردات کا اعتراف بھی کرلیا جس پر ان کا چالان فوجداری عدالت میں جمع کرا دیا گیا جہاں سے شواہد اور اقبالی بیان کی روشنی میں عدالت نے سزائے موت کا حکم صادر کر دیا۔اپیل کورٹ نے بھی ابتدائی عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھا بعدازاں ایوان شاہی سے سزائے موت کے حتمی فیصلے پرعمل درآمد کی منظوری جاری کردی گئی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button