7 ماہ کی بچی کا اغوا، بلیڈ سے حملہ کرکے جھاڑیوں میں پھینک دیا گیا۔ تلنگانہ کے کاماریڈی ضلع میں غیر انسانی واقعہ

کاماریڈی: ریاست تلنگانہ کے ضلع کاماریڈی کے بیرکور علاقے میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے اپنے باپ کے پاس سو رہی سات ماہ کی بچی کو مبینہ طور پر اغوا کر کے اس کے جسم پر بلیڈ سے متعدد وار کئے اور بعد میں اسے جھاڑیوں میں پھینک دیا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق بیرکور کی اندرا کالونی کے ستیش اور سندھیا کی سات ماہ کی بیٹی وَیشنوی منگل کی رات اپنے باپ کے ساتھ گھر کے باہر سو رہی تھی۔ رات تقریباً 8 بجے بچی نظر نہ آنے پر باپ نے یہ سمجھا کہ وہ اپنی ماں کے پاس ہوگی اور وہ مکان کے باہر ہی سوگیا۔
چہارشنبہ کی صبح تقریباً 5 بج نیند ے بیدار ہونے پر جب باپ نے بچی کے بارے میں پوچھا تو ماں اور دیگر ارکان خاندان نے بتایا کہ بچی ان کے پاس نہیں ہے وہ اس کے ساتھ ہی باہر سورہی تھی جس پر گھر میں شدید تشویش پھیل گئی اور ارکان خاندان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔بعد ازاں مقامی افراد اور رشتہ داروں نے بچی کی تلاش شروع کی۔
کچھ دیر بعد وہ گوسنگی سنگھ بھون کے قریب جھاڑیوں میں بے ہوشی کی حالت میں ملی۔ اس کے جسم پر بلیڈ کے متعدد زخم موجود تھے۔بچی کو فوری طور پر علاج کے لیے پہلے بانسواڑہ کے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے اسے مزید علاج کے لیے نظام آباد گورنمنٹ جنرل اسپتال (جی جی ایچ) متقل کردیا گیا۔



