ہاسپٹل میں زیر علاج 32 سالہ مریض ریاض الدین کو گولی مار کر قتل کردیا گیا

نئی دہلی _ 14 جولائی ( اردولیکس ڈیسک) قومی دارالحکومت دہلی کے ایک ہاسپٹل میں مریض کو گولی مار کر ہلاک کردینے کا واقعہ پیش آیا۔ مریض کی شناخت 32 سالہ ریاض الدین کی حیثیت سے ہوئی ہے فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہو گیا ۔ دہلی کے کھجوری خاص علاقے کا رہنے والا 32 سالہ ریاض الدین کو پیٹ میں درد کی وجہ سے 23 جون کو دہلی کے گرو تیغ بہادر ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا تھا۔
اتوار کی شام 4 بجے کے قریب ایک نامعلوم حملہ آور اچانک ہاسپٹل کی تیسری منزل پر گیا اور ریاض الدین پر فائرنگ کر دی۔ تقریباً 3-4 راؤنڈ فائر کیے گئے۔ مریض موقع پر ہی دم توڑ گیا۔تاہم اس قتل کی وجہ تاحال واضح نہیں ہے۔
دہلی کے شاہدرہ کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس وشنو کمار شرما نے بتایا کہ متوفی نوجوان کا گھر کھجوری خاص علاقے میں ہے۔ پولیس اہلکار کا یہ بھی کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھ کر حملہ آور کو تلاش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
دہلی میں حالیہ دنوں میں اس طرح کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں۔ اس سے پہلے 13 جولائی کو لاجپت نگر میں فائرنگ ہوئی تھی۔ اطلاعات کے مطابق بدمعاشوں نے یہاں تقریباً 10-12 راؤنڈ فائر کئے۔ اس واقعہ میں ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ بدمعاشوں کے ایک گروہ نے دشمنی کی وجہ سے یہ گولیاں چلائیں۔ فائرنگ کے اس واقعے کے پیچھے محرکات کے بارے میں ابھی تک معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔ دہلی پولیس نے کہا کہ فائرنگ کا واقعہ لاجپت نگر علاقے میں سامنے آیا ہے۔ حریف گروہ کے ارکان نے ایک مجرم پر گولی چلائی۔ مزید تفتیش جاری ہے