جرائم و حادثات

اولاد نہ ہونے پر شوہر نے کردیا بیوی کا قتل _ ڈاکوؤں کے حملہ میں بیوی کے ہلاک ہونے کی رچائی کہانی

لکھنو _ 28 اگست ( اردولیکس ڈیسک) شادی کے چار سال بعد بھی اولاد نہ ہونے پر ایک شوہر نے اپنی بیوی کا قتل کردیا اور اسے ڈاکوؤں کا حملہ قرار دیتے ہوئے رشتہ داروں اور پولیس کی آنکھ میں دھول جھونکنے کی کوشش کی لیکن پولیس نے شوہر کے متضاد بیانات پر شک کرتے ہوئے اس سے پوچھ تاچھ کی جس میں اس نے بیوی کے قتل کا جرم قبول کرلیا۔

 

یہ افسوسناک واقعہ اترپردیش کے بدایوں ضلع کا ہے تفصیلات کے مطابق اوجھنی کے گاؤں مانک پور کے رہائشی سرتاج کی چار سال قبل ثمرین عرف ندا سے شادی ہوئی تھی۔ لیکن اب تک انھیں کوئی اولاد نہیں ہوئی تھی۔ اس نے اپنی بیوی کا علاج بھی کروایا۔ لیکن پھر بھی اولاد نہیں ہوئی ۔تقریباً تین سال تک بیوی کبھی اپنے میکے میں رہتی اور کبھی گاؤں میں۔

 

اس دوران سرتاج دہلی کے رگھویر نگر علاقے میں رہتا تھا اور وہاں ایک جینز فیکٹری میں درزی کا کام کرتا تھا۔ وہ چند ماہ قبل اپنی بیوی ندا کو لے کر دہلی گیا۔ جہاں بیوی نے اولاد نہ ہونے کا الزام لگانا شروع کر دیا۔ وہ اس میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرتی تھی۔ جس کی وجہ سے وہ پریشان ہوگیا۔ وہ اس سے جان چھڑا کر دوبارہ شادی کرنا چاہتا تھا۔ اس نے تین دن پہلے اپنی بیوی کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔ اس کے لئے اس نے دہلی سے سرجیکل گلوز خریدے اور ایک چاقو بھی خریدا۔بعد ازاں وہ اتوار کو دہلی سے اپنی بیوی کو لے کر بس کے ذریعہ گاوں کے لیے نکل پڑا ۔

 

بیوی کو قتل کرنے کے لیے صبح چار بجے وہ اسے گاؤں کی مرکزی سڑک کے بجائے دوسرے راستہ راج نگر کالونی سے پیدل  لے گیا۔ جہاں ایک سنسان سڑک پر اپنی بیوی کا گلا گھونٹ دیا۔ لیکن جب اس کی موت نہ ہوئی تو اس نے چاقو سے اس کے گلے پر حملہ کردیا۔ اسے قتل کرنے کے بعد خود کو بھی زخمی کر لیا۔ اس کے بعد اس نے گھر جا کر ڈاکوؤں کے حملہ میں بیوی کے ہلاک ہونے اور اس کے زخمی ہونے کی اطلاع دی۔

 

اس نے پولیس کو بھی بتایا کہ صبح چار بجے ڈاکوؤں نے اس کی بیوی پر حملہ کرتے ہوئے سونے کے زیورات اور 42 ہزار روپے رقم اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے مزاحمت پر ڈاکوؤں نے اس پر بھی حملہ کردیا۔تاہم پولیس نے سرتاج کی باتوں پر یقین نہیں کیا اور پولیس اسٹیشن لے جا کر اس کی تفشیش کی۔جس پر اس نے جرم کو قبول لیا۔ پولیس نے سرتاج کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button