36 سالہ سرکاری ملازم کی کروڑوں کی سلطنت بے نقاب، اے سی بی کے دھاووں میں چونکا دینے والے انکشافات

کاکیناڈا: آمدنی سے زائد اثاثے جمع کرنے کے الزام میں آندھرپردیش کے کاکیناڈا کلکٹریٹ میں سینئر اسسٹنٹ کے طور پر خدمات انجام دینے والے چوداپوریڈی شیو کمار کے گھر اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے جمعہ کے روز دھاوے کئے۔
اے سی بی حکام نے شیو کمار کے کاکیناڈا میں واقع مکان کے علاوہ ان کے ماموں چنتلا سرینواسن کے گھر، کلکٹریٹ دفتر اور چیڈیگا میں واقع ان کی بہن ناگیشا سشمہ کے پلاٹ پر بیک وقت تلاشی کارروائیاں انجام دیں۔
تلاشی کے دوران حکام نے شیو کمار اور ان کی اہلیہ کے نام پر کاکیناڈا کے علاوہ تلنگانہ کے ضلع رنگاریڈی میں قیمتی اور عالیشان پلاٹس، مہنگی کاریں، بڑی مقدار میں سونا اور زرعی اراضیات ہونے کا انکشاف کیا۔
اے سی بی کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں اب تک 8 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثوں کا پتہ چلا ہے۔ حکام نے بتایا کہ دھاوے اور جانچ کا عمل ابھی جاری ہے، جس کے باعث مکمل تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔



