حیدرآباد میں واٹر ورکس جنرل مینیجر کے گھر اے سی بی کا دھاوا۔ 100 کروڑ کے اثاثوں کا انکشاف

حیدرآباد: آمدنی سے زائد اثاثوں کے معاملے میں ریڈ ہلز کے محکمہ واٹر ورکس کے جنرل مینیجر ایس ایل کمار کی رہائش گاہ پر اے سی بی حکام نے چھاپے مارے ۔حیدرآباد، رنگا ریڈی اور نظام آباد اضلاع میں واقع 8 مقامات پر ان کے رشتہ داروں
کے گھروں میں بھی بیک وقت تلاشی مہم جاری ہے۔حیدرآباد کے ملاپور میں واقع کمار کی رہائش گاہ سے 1.10 کروڑ روپے نقد، ڈیڑھ کلو سونے کے زیورات اور 2.5 کلو چاندی کی اشیاء ضبط کی گئی ہیں۔حکام نے نظام آباد میں 3 ایکڑ زرعی
زمین، حیدرآباد میں 6 اوپن پلاٹس اور ایک گیٹڈ کمیونٹی میں 3 فلیٹس کی موجودگی کا پتہ لگا کر ان سے متعلق دستاویزات بھی ضبط کر لی ہیں۔اے سی بی حکام کے مطابق تلاشی مکمل ہونے کے بعد مکمل تفصیلات جاری کی
جائیں گی۔ضبط شدہ جائیدادوں کے دستاویزات کا جائزہ لینے والے افسران جنرل منیجر کمار سے مزید معلومات حاصل کر رہے ہیں ابھی تک سو کروڑ کے اثاثوں کا انکشاف ہوا ہے۔




