تلنگانہ میں ایک جوائنٹ کلکٹر 8 لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا
تلنگانہ میں اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے ایک جوائنٹ کلکٹر کو 8 لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ تفصیلات کے مطابق اے سی بی عہدیداروں نے رنگا ریڈی ضلع کے جوائنٹ کلکٹر بھوپال ریڈی اور ایک سینئر اسسٹنٹ کو منگل کے روز 8 لاکھ روپے کی رشوت لیتے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔
اراضیات کا ریکارڈ محفوظ رکھنے والے دھرانی پورٹل سے ایک زمین کو بلیک لسٹ سے نکال دینے کے لئے متیم ریڈی نامی ایک شخص رنگاریڈی ضلع کلکٹریٹ سے رجوع ہوا تھا جہاں سینئر اسسٹنٹ نے درخواست گزار متیم ریڈی سے کہا کہ وہ دھرانی کی ویب سائٹ پر ممنوعہ فہرست سے 14 گنٹے زمین کو ہٹا دیں گے ۔ سینئر اسسٹنٹ مدھو موہن ریڈی نے اس کام کے لیے آٹھ لاکھ کا مطالبہ کیا
۔ اس کے بعد متاثرہ شخص متیم ریڈی نے اے سی بی حکام سے ملاقات کرتے ہوئے اس کی شکایت کی۔ جس پر اے سی بی عہدیداروں نے منصوبہ کے مطابق 8 لاکھ روپے کار میں رکھ دئے ۔ اس رقم کو یہ دونوں حاصل کررہے تھے کہ انھیں پکڑ لیا گیا۔