نابالغ لڑکی پر جادو کے علاج کے نام پر جنسی زیادتی ، بابا گرفتار – تلنگانہ کے عادل آباد میں واقعہ

نابالغ لڑکی پر منتر اور جادو کے نام پر جنسی حملہ، بابا گرفتار، ریمانڈ پر بھیجا گیا
عادل آباد ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں کیس درج۔ ملزم پر (POCSO) کے تحت مقدمہ درج۔
عادل آباد، 14 اکتوبر (اردو لیکس) تلنگانہ کے شہر عادل آباد کی رہائشی ایک نابالغ لڑکی صحت کے مسائل کے باعث اکثر بیمار رہتی تھی۔ اس کی دوست کے والد نے لڑکی اور اس کے گھر والوں کو یقین دلایا کہ وہ عملیات اور جادو کے ذریعہ لڑکی کی صحت ٹھیک کر سکتے ہیں۔ اسی یقین پر 9 اکتوبر کو نرمل ضلع کے سون ندی کے کنارے عملیات کیے گئے اور 11 اکتوبر کو لڑکی کو واپس اس کے گھر لے جایا گیا۔
اسی روز رات کو ملزم شیخ کلیم لڑکی کے گھر ٹھہرا اور دعویٰ کیا کہ مکمل شفا کے لئے وہ رات کو اکیلے جادو کرے گا۔ گھر والوں کو الگ کمرے میں رکھا گیا اور رات کے وقت ملزم نے لڑکی کے ساتھ جنسی طور پر زیادتی کی۔ دورانِ واقعہ ملزم نے لڑکی کو دھمکی دی کہ اگر کسی کو بتایا تو وہ گھر والوں کو نقصان پہنچائے گا۔
صبح لڑکی نے والدین کو واقعہ بتایا، جنہوں نے فوراً عادل آباد ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن پہنچ کر شکایت درج کرائی۔ پولیس نے ملزم شیخ کلیم (ماریگاؤ گادی گوڑا) کو گرفتار کر کے ریمانڈ پر بھیج دیا۔
عادل آباد ون ٹاؤن سی آئی بی، سنیل کمار نے عوام سے تاکید کی ہے کہ منتر، جادو اور نقلی باباؤں پر بھروسہ نہ کریں اور کسی بھی طبی مسئلے کے لیے صرف سرٹیفائیڈ سرکاری یا پرائیویٹ ڈاکٹروں سے رجوع کریں۔ اگر کسی کے ساتھ بھی ایسا دھوکہ یا زیادتی ہو تو وہ بلا جھجک پولیس سے رابطہ کریں۔اس سلسلہ میں پولیس کی جانب سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔