جرائم و حادثات

تلنگانہ کے عادل آباد میں آدھی رات کو نوجوان کا قتل، علاقہ میں سنسنی

عادل آباد میں آدھی رات نوجوان کا قتل، علاقہ میں سنسنی

شانتی نگر کالونی میں واردات، ناجائز تعلق کا شبہ، پولیس کی تفتیش جاری

 

 

عادل آباد۔28/مارچ ( اردو لیکس ) تلنگانہ کے عادل آباد ضلع مستقر کے علاقہ شانتی نگر کالونی میں آدھی رات پیش آئے ایک قتل کے واقعہ نے علاقہ میں سنسنی پھیلا دی اور عوام میں خوف و ہراس پیدا ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق 26 سالہ نوجوان محمد ارباز پر ایک شخص نے لکڑی کے ڈنڈے سے سر پر زور دار حملہ کیا، جس کے نتیجہ میں شدید خون بہنے سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

 

اطلاع ملتے ہی پولیس فوری مقام واردات پر پہنچ گئی اور نعش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے رِمس اسپتال منتقل کردیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کرتے ہوئے اہم شواہد اکٹھے کئے اور مقدمہ درج کرلیا ہے۔

 

اس سلسلہ میں ڈی ایس پی عادل آباد جیون ریڈی نے ون ٹاؤن سرکل انسپکٹر سنیل کمار اور سب انسپکٹر اشوک کے ہمراہ مقام واردات کا دورہ کیا اور تحقیقات کا جائزہ لیا۔ ون ٹاؤن سرکل انسپکٹر سنیل کمار نے بتایا کہ متوفی کے والد کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ملزم کی تلاش جاری ہے۔

 

ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو شبہ ہے کہ اس قتل کے پیچھے ناجائز تعلقات کا معاملہ ہوسکتا ہے، تاہم اصل حقائق تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔ پولیس مختلف زاویوں سے جانچ میں مصروف ہے۔

 

واقعہ کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس کا ماحول پایا جارہا ہے جبکہ عوام نے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button