عادل آباد کے نوجوان ارباز کے قتل کیس میں تین ملزمین گرفتار – ناجائز تعلقات قتل کی وجہ

عادل آباد شانتی نگر قتل کیس: تین ملزمین گرفتار
ناجائز تعلقات کے شبہ پر منصوبہ بند قتل، واردات میں استعمال اسلحہ و موبائل فون ضبط، ملزمین ریمانڈ پر روانہ
تفتیشی افسر راہول کانت آئی پی ایس

نمائندہ خصوصی خضر یافعی
عادل آباد، 29/ مارچ (اردو لیکس) تلنگانہ کے عادل آباد شہر کے شانتی نگر علاقہ میں پیش آئے قتل کیس میں پولیس نے تین ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے۔ کیس کے تفتیشی افسر راہل کانت آئی پی ایس نے میڈیا کے لئے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ یہ قتل منصوبہ بندی کے تحت انجام دیا گیا۔
کیس کے تفتیشی افسر راہل کانت آئی پی ایس نے بتایا کہ گرفتار شدگان میں پاور راکیش عرف لکھن، روی پاور اور گوپال پاور شامل ہیں، جو ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ تینوں کو ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن حدود میں حراست میں لیا گیا۔
راہل کانت آئی پی ایس کے مطابق جمعہ کی نصف شب تقریباً ایک بجے شانتی نگر میں محمد ارباز (25) کو ایک خاتون سے مبینہ ناجائز تعلقات کے شبہ میں ملزمین نے لکڑی کے ڈنڈے سے سر پر حملہ کر کے قتل کر دیا۔ اس واردات میں خاتون کا شوہر اور اس کے خاندان کے افراد ملوث پائے گئے۔
متوفی کے والد عارف کی شکایت پر مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کی گئی، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمین کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے واردات میں استعمال شدہ لکڑی کا ڈنڈا، کلہاڑی اور تین موبائل فون بھی ضبط کر لئے ہیں۔ ملزمین کو عدالتی ریمانڈ کے لئے پیش کیا جا رہا ہے۔
ایس آئی ٹی افسر نے خبردار کیا کہ جرم کرنے والوں کو کسی بھی صورت بخشا نہیں جائے گا اور قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔



