جرائم و حادثات

چھیڑ چھاڑ کا الزام ۔ خاتون کا ویڈیو وائرل ہوتے ہی بے عزتی پر دل برداشتہ شخص کی خودکشی

نئی دہلی: سوشل میڈیا پر مبینہ دست درازی کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ایک 41 سالہ شخص نے بے عزتی محسوس کرتے ہوئے خودکشی کرلی۔ یہ واقعہ اتوار (18 جنوری 2026) کو ریاست کیرالہ کے کوزی کوڈ شہر میں پیش آیا۔

 

متوفی کی شناخت دیپک کے طور پر ہوئی ہے جو گووندپورم کا رہنے والا تھا اور ایک خانگی کمپنی میں سیلز مینیجر کی حیثیت سے کام کرتا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق 16 جنوری کو ایک خاتون نے سوشل میڈیا پر 18 سیکنڈ کی ویڈیو اپ لوڈ کی تھی جس میں دیپک پر کنور ضلع کے پئیانور جانے والی بس کے سفر کے دوران نامناسب رویہ اختیار کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

 

ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد معاملہ سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا اور دیپک شدید ذہنی دباؤ میں آ گیا۔متوفی کے قریبی دوستوں کا کہنا ہے کہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد دیپک ذہنی طور پر تناو میں تھا۔

 

ان کے مطابق دیپک نے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا تھا اور سوشل میڈیا پر ہونے والی مبینہ جھوٹی تشہیر کے خلاف قانونی کاروائی کی تیاری کر رہا تھا۔

 

دوسری جانب ویڈیو شیئر کرنے والی خاتون نے وداکارا پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی اور اپنے الزامات پر قائم ہے۔

 

خاتون کا دعویٰ ہے کہ بس کے سفر کے دوران اس کے ساتھ نامناسب حرکت کی گئی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اس نے یہ بھی الزام لگایا کہ ویڈیو ریکارڈ ہوتے دیکھ کر دیپک بس سے اتر گیا تھا۔

 

پولیس نے معاملے میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ حکام کے مطابق واقعے سے متعلق ڈیجیٹل شواہد کی جانچ کی جائے گی جبکہ شکایت کنندہ خاتون اور متوفی کے

 

ارکان خاندان کے بیانات بھی قلمبند کیے جائیں گے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی موت کی اصل وجوہات واضح ہو سکیں گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button