حیدرآباد میں سالے کے ہاتھوں بہنوئی کا قتل _ بہن کو ستانے پر بھائی نے لیا انتقام

حیدرآباد _ 23 ستمبر ( اردولیکس) حیدرآباد کے گولکنڈہ علاقے میں اتوار کو قتل کی ایک واردات پیش آئی ۔جمالی کنٹہ گولکنڈہ پولیس اسٹیشن حدود میں سالے کے ہاتھوں بہنوئی کے بہیمانہ قتل کی واردات پیش آئی۔ ناریل کاٹنے کے لئے استعمال ہونے والے کتے سے حملہ کرتے ہوئے سالے نے بہنوئی کو ہلاک کر دیا۔
حملہ کا سارا منظر قریب میں مکان کی چھت سے ایک شخص نے ریکارڈ کیا اور وہ واٹس ایپ پر بھی وائرل ہو گیا ۔ ایڈیشنل ڈی سی پی ساؤتھ ویسٹ زون محمد اشفاق نے بتایا کہ میوہ فروش 35 سالہ محمد سلیم ساکن آصف نگر جھرہ کا قتل شیخ صادق نے کیا۔ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ سلیم اپنی بیوی سے مار پیٹ کر رہا تھا اور اسے ہراساں کر رہا تھا۔
ان دونوں میں اکثر و بیشتر جھگڑا ہو رہا تھا۔ بیوی کے بھائی نے ہی مہلک ہتھیار سے قتل کر دیا۔ حملہ آور نے خود سپردگی اختیار کر لی ہے۔ گولکنڈہ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہاسپٹل بھیج دیا گیا ہے۔