جرائم و حادثات

تلنگانہ کے جگتیال ضلع میں کانگریس لیڈر کا بہیمانہ قتل _ رکن کونسل جیون ریڈی کا دھرنا ؛ کانگریس پارٹی کے خلاف دکھائی ناراضگی

جگتیال _ 22 اکتوبر ( اردولیکس) تلنگانہ کے جگتیال ضلع میں کانگریس کے مقامی لیڈر کا بہیمانہ قتل ہوگیا۔جگتیال رورل منڈل کے ضابطہ گاؤں سے تعلق رکھنے والے سابق ایم پی ٹی سی مارو گنگا ریڈی (58) کو نامعلوم افراد نے بے دردی سے قتل کر دیا۔

 

صبح کے وقت، جب گنگا ریڈی گاؤں میں موٹر سائیکل پر جا رہے تھے، تو ایک کار نے انہیں پیچھے سے ٹکر ماری، جس سے وہ زمین پر گر پڑے۔ پھر حملہ آوروں نے ان پر چھریوں سے پے در پے وار کئے ۔ گنگا ریڈی کے گھر والے انہیں اسپتال لے جا رہے تھے، مگر وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

 

گنگا ریڈی، جو کانگریس کے سینئر لیڈر و ایم ایل سی جیون ریڈی کے قریبی حامی  تھے، کے قتل نے ضلع میں ہلچل مچا دی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایم ایل سی جیون ریڈی فوری طور پر جگتیال کے سرکاری اسپتال پہنچے اور گنگا ریڈی کی نعش کا معائنہ کیا۔ بعد میں، انہوں نے سڑک پر دھرنا دیا اور قاتلوں کو گرفتار کر کے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کانگریس پارٹی پر اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ جگتیال میں کانگریس پارٹی کے کارکنوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ہمیں جینے دیں گے یا نہیں؟ جگتیال میں بی آر ایس کا راج چل رہا ہے  پارٹی میں کافی توہین ہورہی ہے

 

کانگریس پارٹی میں اہم کردار ادا کرنے والے گنگا ریڈی کے قتل پر جیون ریڈی نے شدید غم و غصہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ گنگا ریڈی کا قتل ان کے لیے ذاتی نقصان کی طرح ہے۔ کانگریس کارکنوں نے بڑی تعداد میں سڑک پر احتجاج کیا، جس کے باعث شہر میں شدید ٹریفک جام ہوگیا۔ پولیس نے ٹریفک کو بائی پاس روڈ کی طرف موڑ دیا۔

 

ناخوشگوار واقعہ کے بعد گاؤں کے ساتھ ساتھ جگتیال میں بھی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ تاہم، یہ قتل زمینی تنازعات کی وجہ سے ہوا یا سیاسی دشمنی کا نتیجہ ہے، اس کا پتہ  پولیس کی تحقیقات کے بعد ہوگا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button