ضبط شدہ گانجہ کی چوری کرتے ہوئے اسے فروخت کرنے کی کوشش – کانسٹیبل اور اس کا رشتہ دار گرفتار

تلنگانہ کے وقارآباد ضلع کے تانڈور میں ایکسائز پولیس اسٹیشن میں کانسٹیبل کے طور پر خدمات انجام دے رہے غلام سلطان احمد نامی 52 سالہ ایکسائز کانسٹیبل کو پولیس نے اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ ضبط شدہ گانجہ میں سے کچھ مقدار چوری کر کے اپنے رشتہ دار کے ذریعہ فروخت کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
تانڈور ایکسائز پولیس نے اپنے حدود میں ضبط کیے گئے گانجہ کو شاد نگر کے قریب نندیگام منتقل کرتے ہوئے جلانے کے لیے لے جا رہے تھے، اسی دوران غلام سلطان نے موقع دیکھ کر تقریباً ڈیڑھ کلو گانجہ کا پیکٹ چرا لیا
۔ اس پیکٹ کو اس نے اپنے رشتہ دار 32 سالہ محمد امجد، عمر ساکن شاد نگر کے حوالے کرتے ہوئے اسے فروخت کرنے کی ہدایت دی۔ تاہم امجد جب شاد نگر کے فاروق نگر عیدگاہ کے قریب گانجہ فروخت کرنے کی کوشش کر رہا تھا تو پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔
پوچھ تاچھ کے دوران امجد نے بتایا کہ یہ گانجہ اس کے رشتہ دار ایکسائز کانسٹیبل سلطان نے دیا تھا۔ اس انکشاف پر پولیس نے دونوں کو گرفتار کر کے ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا۔