سائبر آباد پولیس نے سائبر دھوکہ دہی کا شکار شخص کو 1 کروڑ رپے واپس دلوائے

حیدرآباد سائبر کرائم پولیس نے سائبر جرائم میں ملوث ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے۔ سائبرآباد پولیس کمشنریٹ میں کمشنر پولیس رمیش نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس معاملے کی تفصیلات بتائیں۔
انہوں نے کہا”سائبر مجرموں نے ایک ساڑیوں کی دکان کے اکاؤنٹنٹ کو واٹس ایپ پر دکان کے مالک کا نام اور ڈی پی (پروفائل تصویر) استعمال کرتے ہوئے جعلی پیغام بھیجا اور ایک کروڑ روپے حاصل کرلئے ۔ اس معاملے میں اتر پردیش کے لکھنؤ سے تعلق رکھنے والے دیپک کمار کو گرفتار کیا گیا ہے۔
عدالت کے فوری احکامات اور پولیس کی کوششوں سے صرف دس دن کے اندر ایک کروڑ روپے کی رقم متاثرہ شخص کو واپس دلوا دی گئی۔” کمشنر پولیس نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی کوئی شخص بڑی رقم منتقل کرنے کی ہدایت دے تو صرف واٹس ایپ کی ڈی پی یا نام دیکھ کر رقم منتقل نہ کریں۔
رقم بھیجنے سے پہلے مختلف ذرائع سے متعلقہ شخص کی شناخت اور تفصیلات کی لازمی طور پر تصدیق کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ واٹس ایپ یا دیگر ایپس کے ذریعے موصول ہونے والی نامعلوم اے پی کے فائلیں موبائل فون میں انسٹال نہ کریں۔اگر کوئی شخص سائبر فراڈ کا شکار ہو جائے
تو فوراً 1930 ٹول فری نمبر پر کال کریں یا نیشنل سائبر کرائم رپورٹنگ پورٹل پر شکایت درج کریں۔



