گرم پانی سے نہانا مہنگا پڑا 1.30 لاکھ روپئے جرمانہ۔ ہندوستانی لڑکی کو آسٹریلیا میں تلخ تجربہ

نئی دہلی: آسٹریلیا میں زیرِ تعلیم ایک ہندوستانی لڑکی کو گرم پانی سے نہانا مہنگا پڑ ا اسے غیر متوقع طور پر تقریباً 1.30 لاکھ ہندوستانی روپے جرمانہ کے طورپر ادا کرنے پڑے۔
اپنے ساتھ پیش آنے والے اس عجیب واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے لڑکی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی جاری کی۔واقعہ کیا ہوا؟وامیکا نامی یہ لڑکی آسٹریلیا میں اپنے کمرے میں معمول کے مطابق گرم پانی سے نہا رہی تھی۔
اس دوران اس نے ایگزاسٹ فین بند کر دیا جس کی وجہہ سے گرم پانی سے پیدا ہونے والی بھاپ باہر نہ نکل سکی اور اس نے اسموک ڈیٹیکٹر کو ڈھانپ لیا۔ اسموک ڈیٹیکٹر نے بھاپ کو دھواں سمجھ لیا، جس کے نتیجے میں اچانک فائر الارم بج اٹھا۔
فائر الارم بجتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ فوری طور پر گھر پہنچ گیا تاہم وہاں آگ لگنے کے کوئی آثار نہ ملنے پر وہ حیران رہ گئے۔جب حکام نے وامیکا سے پوچھا کہ آخر کیا ہوا ہے تو اس نے کہا کہ اسے کچھ معلوم نہیں تھا اور جب الارم بجا تو اسے لگا کہ شاید یہ فائر ڈرل ہو رہی ہے۔
بعد میں موقع کا جائزہ لینے پر حکام نے تصدیق کی کہ وہاں آگ نہیں لگی تھی بلکہ بھاپ کی وجہ سے فائر الارم فعال ہوا تھا۔ چونکہ فائر الارم بجنے کی وجہ اسی لڑکی کی لاپرواہی تھی اس لیے اس پر 1800 آسٹریلوی ڈالر کا جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
بھارتی کرنسی میں یہ رقم 1.30 لاکھ روپے سے زیادہ ہے۔ اس واقعے پر اپنی پریشانی اور حیرت کا اظہار کرتے ہوئے وامیکا نے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کی۔



