حیدرآباد کے حیات نگر پولیس اسٹیشن کے احاطہ میں دھماکہ

حیدرآباد: حیدرآباد کے حیات نگر پولیس اسٹیشن کے احاطے میں آج ایک پراسرادھماکہ پیش آیا جس سے سنسنی پھیل گئی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس اسٹیشن کے احاطے میں واقع اسٹور روم میں صفائی کا کام جاری تھا۔
دھماکہ کے نتیجے میں ایک سویپر زخمی ہوگئی جسے فوری طور پر قریبی ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق اسٹور روم میں صفائی کے دوران ایک خالی شیشے میں موجود گیس بھر جانے سے دھماکہ ہوا۔ تاہماس کی تصدیق اب تک نہیں ہوسکی ہے اور پولیس مختلف پہلوؤں سے واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، لیکن صورتحال کو جلد قابو میں لایا گیا۔ اس واقعہ پر فی الحال اعلیٰ حکام کی جانب سے کوئی واضح بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ پولیس اسٹیشن کی ٹیم نے فوری طور پر دھماکے کی جگہ کو محفوظ کر کے شواہد اکٹھے کرنے کا کام شروع کر دیا ہے۔ ماہرین کی ایک ٹیم بھی
اسٹور روم کی جانچ کر رہی ہے تاکہ دھماکے کی اصل وجوہات کا پتہ لگایا جا سکے۔ واقعہ کی مکمل تحقیقات جاری ہیں ۔