حیدرآباد وجئے نگر کالونی کے فلیٹ میں لگی آگ۔ خاندان محفوظ

حیدرآباد: شہر کے ایک اپارٹمنٹ کے بیڈروم میں اچانک آگ بھڑکنے سے شدید آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔
یہ واقعہ حیدرآباد کے مہدی پٹنم پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آیا۔انسپکٹر ملیشم اور مقامی افراد کے مطابق مہدی پٹنم پولیس اسٹیشن کے علاقے وجے نگر کالونی میں واقع فاس اپارٹمنٹ کی پانچویں منزل پر زبیر اپنے خاندان کے ساتھ مقیم بتائے گئے ہیں۔
ہفتہ کی رات تقریباً 11:30 بجے جب وہ اپنے ارکان خاندان کے ساتھ کھانا کھا رہے تھے کہ اچانک بیڈروم میں آگ لگ گئی۔آگ بجھانے کی کوشش کی گئی لیکن اچانک شعلے تیزی سے پھیل گئے جس کے بعد خاندان کے تمام افراد فوری طور پر باہر نکل کر اپارٹمنٹ کے نیچے آ گئے۔آگ پورے کمرے میں پھیلنے کے باعث اپارٹمنٹ کے دیگر رہائشی بھی خوفزدہ ہو گئے اور احتیاطی طورپر گھروں سے باہر نکل آئے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس فوراً موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے فائر بریگیڈ کو اطلاع دی۔فائر فائٹرس نے کارروائی کرتے ہوئے 4 فائر انجنوں کی مدد سے تقریباً ایک گھنٹے کی محنت کے بعد آگ پر مکمل قابو پالیا جس کے بعد لوگوں نے راحت کی سانس لی۔
خوش قسمتی سے اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس کا ابتدائی اندازہ ہے کہ یہ حادثہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا۔ پولیس نے معاملہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔



