جرائم و حادثات

شادی کی تقریب میں دلہے پر چاقو سے حملہ، ڈرون فوٹیج سے ملزموں کی تلاش جاری

مہاراشٹرا میں شادی کی تقریب میں دلہے پر چاقو سے حملہ، ڈرون فوٹیج سے ملزموں کی تلاش تیز

 

مہاراشٹرا کے امراوتی ضلع میں بدنیرا روڈ پر واقع ایک فنکشن ہال میں شادی کی تقریب میں اس وقت افرا تفری مچ گئی جب ایک شخص نے اچانک دلہے پر چاقو سے حملہ کر دیا۔ واقعہ پیر کی رات تقریباً ساڑھے نو بجے پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق دلہا سُجل رام سمدرا پر بار بار چاقو سے وار کئے، جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔

 

عینی شاہدین کے مطابق دلہے کے رشتہ داروں نے حملہ آوروں کو پکڑنے کی کوشش کی، لیکن وہ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر موقع سے فرار ہوگئے۔

 

اسی دوران شادی کی ویڈیو تیار کر رہا ڈرون آپریٹر حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈرون کو حملہ آوروں کے تعاقب میں موڑ دیا۔ ڈرون تقریباً دو کلومیٹر تک ان کا پیچھا کرتا رہا، جس کی فوٹیج اب سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

 

پولیس کے مطابق ڈرون کی ریکارڈنگ اس کیس کی تحقیقات میں اہم ثبوت ثابت ہو رہی ہے اور اسی کی مدد سے ملزمین کی تلاش جاری ہے۔ ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ واقعہ ڈی جے موسیقی پر جھگڑے کے بعد پیش آیا

 

۔ شادی میں رقص کے دوران دلہے نے حملہ آوروں کو پیچھے ہٹنے کے لئے دھکا دیا تھا، جس پر ان میں سے ایک، جیتندر بکشّی نامی نوجوان نے غصے میں آ کر چاقو سے حملہ کر دیا اور اپنے ساتھی کے ساتھ فرار ہوگیا۔

 

ذرائع کے مطابق ملزمین نے دلہے کے والد پر بھی حملے کی کوشش کی۔ زخمی دلہے کو فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے کہا کہ واقعہ کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button