جرائم و حادثات
حیدرآباد کے مضافات میں خوفناک سڑک حادثہ۔ ڈرائیور کیبن میں پھنس گیا

حیدرآباد ۔حیدرآباد کے حیات نگر پولیس اسٹیشن کے قریب حیدرآباد۔وجئے واڑہ قومی شاہراہ پر علی الصبح سڑک حادثہ پیش آیا۔ سڑک کے کنارے کھڑی کنٹینر لاری کو پیچھے سے ایک ٹپر لاری نے زور دار ٹکر دے دی۔
اس حادثہ میں چناراوِیربلہ گاؤں سے تعلق رکھنے والا ٹپر ڈرائیور نوین گاڑی کے کیبن میں پھنس گیا۔ پولیس اور ایمبولینس عملہ نے تقریباً ایک گھنٹہ کی مشقت کے بعد کٹر مشینوں کی مدد سے نوین کو باہر نکالا۔شدید زخمی نوین کو فوری طور پر قریبی خانگی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
حادثہ کے باعث حیدرآباد۔وجئے واڑہ قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہوئی جس کے بعد پولیس نے گاڑیوں کا رخ سروس روڈ کی طرف موڑ دیا۔



