جرائم و حادثات

ممبئی سے حیدرآباد "حوالہ” کی رقم منتقلی کی کوشش ناکام 1.22 کروڑ ضبط 

دیوگیری ایکسپریس میں ایک کروڑ 22 لاکھ کی "حوالہ” کی رقم ضبط۔ ایک شخص گرفتار

حیدرآباد: گورنمنٹ ریلوے پولیس اور ریلوے پروٹیکشن فورس سکندرآباد نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ممبئی سے سکندرآباد منتقل کی جارہی ایک کروڑ 22 لاکھ 70 ہزار روپے کی مبینہ حوالہ رقم ضبط کرلی اور ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔

 

ریلوے ڈی ایس پی سید نعیم الدین جاوید نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 26 مئی کو دیوگیری ایکسپریس  میں جی آر پی اور آر پی ایف کی جانب سے مشترکہ تلاشی مہم چلائی گئی۔ اس دوران بولارم اور ملکاجگیری ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان ایک شخص کو مشتبہ حالت میں بیگ لے جاتے ہوئے حراست میں لیا گیا۔ گرفتار شخص کی شناخت وجئے امباداس گپتا (40) ساکن امراوتی، مہاراشٹرا کے طور پر ہوئی ہے۔

 

تحقیقات کے دوران ملزم نے انکشاف کیا کہ ممبئی کے ایک جیولری تاجر سنتوش سیٹھ نے اسے یہ رقم سکندرآباد منتقل کرنے کیلئے دی تھی۔ وہ دیوگیری ایکسپریس کے ذریعہ یہ رقم مونڈا مارکیٹ میں موجود ایک جیولری تاجر “بنٹی” تک پہنچانے والا تھا۔ اس کام کے عوض اسے 5 ہزار روپے دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔

 

پولیس نے بتایا کہ گرفتار شخص ضبط شدہ رقم کے تعلق سے کوئی قانونی دستاویز یا مناسب وضاحت پیش نہیں کرسکا جس کے بعد رقم ضبط کرتے ہوئے اس کا موبائل فون، شناختی دستاویزات اور سفری ٹکٹ بھی تحویل میں لے لئے گئے۔

 

ضبط شدہ رقم میں 500 روپے کے 24 ہزار نوٹ، 200 روپے کے 300 نوٹ اور 100 روپے کے 2100 نوٹ شامل ہیں، جن کی مجموعی مالیت 1 کروڑ 22 لاکھ 70 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔

 

یہ کارروائی جی آر پی سکندرآباد اور آر پی ایف کے عہدیداروں نے اعلیٰ پولیس حکام کی نگرانی میں انجام دی۔ آئی جی پی ریلوے اینڈ روڈ سیفٹی کے۔ رمیش نائیڈو نے کارروائی انجام دینے والے پولیس عملہ کی ستائش کرتے ہوئے انعام دینے کا اعلان کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button