جہیز کے لئے بیوی کو تیزاب پلا کر قتل کرنے والا شوہر گرفتار

بیوی کو تیزاب پلا کر قتل کرنے والا شوہر گرفتار
ترپردیش کے امروہہ ضلع میں جہیز کی لالچ نے ایک اور معصوم بیٹی کی جان لے لی۔ حسن پور علاقے کی رہنے والی 23 سالہ گلفشا کی شادی ایک سال قبل بڑے دھوم دھام سے انجام پائی تھی۔ لیکن شادی کے فوراً بعد ہی سسرال والوں نے اس پر دباؤ ڈالنا شروع کر دیا کہ وہ اپنے والدین کے گھر سے 10 لاکھ روپے نقد اور ایک کار لے کر آئے۔
گھر والوں کا الزام ہے کہ جب یہ مانگ پوری نہ ہوئی تو شوہر پرویز اور اس کے گھر والوں نے ظلم و زیادتی کی انتہا کر دی۔ چند روز قبل گلفشا کو زبردستی تیزاب پلا دیا گیا جس کے بعد اس کی حالت نازک ہو گئی۔ اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ 17 دن تک زندگی اور موت کے درمیان جدوجہد کرتی رہی۔
گزشتہ رات علاج کے دوران گلفشا نے دم توڑ دیا۔ اس افسوسناک واقعہ کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور ملزم شوہر پرویز کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق دیگر سسرالی رشتہ داروں کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔
اس اندوہناک واقعہ سے مقامی لوگوں میں غم و غصہ پھیل گیا ہے۔ سماجی کارکنوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جہیز کے خلاف سخت ترین قانون نافذ کیا جائے تاکہ آئندہ کسی اور بیٹی کی جان اس ظالمانہ روایت کی نذر نہ ہو۔
متعلقہ خبر پڑھیں
جہیز کے لئے بہو کو تیزاب پلانے کا دل دہلا دینے والا واقعہ – 23 سالہ گلفشا کی 17 دن بعد موت