جرائم و حادثات

حیدرآباد: انسپکٹر کے خلاف آمدنی سے زائد اثاثوں کا مقدمہ درج

2 کروڑ 28 لاکھ 50 ہزار روپے کے اثاثوں کا تخمینہ، تلاشی کے دوران 7 لاکھ روپے نقد، سونے کے زیورات اور جائیدادوں کے دستاویزات برآمد

حیدرآباد، 17 اکتوبر: تلنگانہ اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے میڑچل ملکاجگیری پولیس کمشنریٹ کے تحت کیسرا پولیس اسٹیشن میں خدمات انجام دینے والے انسپکٹر آف پولیس انجنیلو کے خلاف آمدنی کے معلوم ذرائع سے زائد اثاثے جمع کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔

 

اے سی بی کے مطابق انسپکٹر پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی ملازمت کے دوران مبینہ طور پر بدعنوانی اور مشتبہ ذرائع سے اثاثے حاصل کیے۔ اس سلسلے میں 17 اکتوبر 2026ء کو ان کے مکان، دفتر اور ان کے رشتہ داروں، قریبی ساتھیوں اور مبینہ بے نامی داروں سے وابستہ چار دیگر مقامات پر ابتدائی تلاشی لی گئی۔ یہ مقدمہ انسدادِ بدعنوانی قانون 1988ء کی ترمیم شدہ دفعات 13(1)(b) اور 13(2) کے تحت درج کیا گیا ہے۔

 

حکام کے مطابق، ان جائیدادوں کی اصل بازاری قیمت سرکاری تخمینے سے کہیں زیادہ ہونے کا امکان ہے۔تلاشی کے دوران تقریباً 7 لاکھ روپے نقد، 60 تولہ سونے کے زیورات (تخمینی مالیت 5 لاکھ روپے)، ایک ماروتی وٹارا بریزا ZDi+ BSIV کار (تخمینی مالیت 6 لاکھ 50 ہزار روپے) اور گھریلو سامان و الیکٹرانک آلات، جن کی مالیت تقریباً 10 لاکھ روپے بتائی گئی ہے، بھی پائے گئے۔

 

اے سی بی کے مطابق دیگر ممکنہ اثاثوں کی تصدیق کا عمل جاری ہے اور معاملہ فی الحال زیرِ تفتیش ہے۔ انسپکٹر کے مجموعی اثاثوں کی تخمینی مالیت 2 کروڑ 28 لاکھ 50 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔

 

اے سی بی کی پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ 16 ستمبر 2026ء کو بھی انجنیلو جو اس وقت کیسرہ پولیس اسٹیشن میں انسپکٹر کے عہدے پر فائز تھے، ایک سرکاری کام انجام دینے کے عوض 8 لاکھ روپے رشوت طلب کرنے اور اپنے ماتحت سب انسپکٹر ڈی گیانیندر ریڈی کے ذریعے 5 لاکھ روپے قبول کرنے کے الزام میں رنگے ہاتھوں پکڑے گئے تھے۔

 

اس معاملے میں انہیں 17 ستمبر 2026ء کو گرفتار کرکے معزز اے سی بی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ پریس نوٹ کے مطابق، وہ فی الحال چنچل گوڑہ مرکزی جیل میں مقید ہیں۔ موجودہ آمدنی سے زائد اثاثوں کے مقدمے میں انہیں پی ٹی وارنٹ کے ذریعے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

 

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button