جرائم و حادثات

حیدراباد میں آدھی رات کو گاو رکھشکوں کا ہنگامہ – دو گروپ میں تصادم ؛ پھتراو ؛ پولیس لاٹھی چارج : رکن اسمبلی ماجد حسین کا احتجاج

حیدراباد : شہر حیدراباد کے گڈی ملکاپور میں ہفتہ کی رات  پلائی ووڈ شیٹس لے جانے والی لاری کو مویشیوں کی مبینہ منتقلی کے شبہ پر گاو رکھشکوں نے لاری کو روک دیا .اور پر تشدد ہنگامہ کیا.اس واقعہ کے بعد دو گروپوں کے درمیان شدید تصادم، پتھراؤ اور ہنگامہ آرائی کے واقعات پیش آئے،

 

جس کے نتیجہ میں کئی افراد زخمی جبکہ متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ پولیس پر بھی پتھراؤ کیا گیا جس میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، جبکہ علاقہ میں کچھ دیر کیلئے کشیدگی کا ماحول پیدا ہوگیا۔

 

واقعہ کی خبر ملتے ہی مجلس کے رکن اسمبلی ماجد حسین اپنے حامیوں کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ آدھی رات کے وقت سڑک پر لاری روکنے کے واقعہ پر انہوں نے شدید برہمی ظاہر کرتے ہوئے پولیس سے سوال کیا کہ آخر لاری کو کیوں روکا گیا۔

 

ڈرامائی صورتحال اُس وقت پیدا ہوگئی جب ماجد حسین خود اُس لاری پر چڑھ گئے جس پر گائیں منتقل کرنے کے الزامات عائد کئے جارہے تھے۔ وہ لاری کے کیبن میں بیٹھ کر کچھ دور تک سفر بھی کرتے نظر آئے۔ اس واقعہ کی ویڈیوز اور لاری پر سوار رکن اسمبلی کے مناظر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئے۔پولیس کے مطابق تنازعہ اُس وقت شروع ہوا جب مقامی ’گا رکھشا‘ تنظیم سے وابستہ چند افراد نے پلائی ووڈ شیٹس لے جانے والی ایک  گاڑی کو روک لیا

 

۔ الزام ہے کہ گاو رکھشکوں نے ڈرائیور کو گاڑی سے نیچے اتار کر اُس کی پٹائی کی۔ ڈرائیور پر حملہ دیکھ کر مقامی نوجوان بڑی تعداد میں وہاں جمع ہوگئے، جس کے بعد دونوں گروپوں کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی۔

 

اسی دوران بعض افراد نے ایک دوسرے پر پتھراؤ شروع کردیا، جس سے گڈی ملکاپور علاقہ میدانِ جنگ میں تبدیل ہوگیا۔ موقع پر پہنچنے والی پولیس ٹیم پر بھی پتھراؤ کیا گیا جبکہ گڈی ملکاپور روڈ پر واقع فنکشن ہالوں کے باہر کھڑی کئی گاڑیوں کو بھی مشتعل افراد نے نشانہ بنایا۔

 

صورتحال بے قابو ہوتی دیکھ کر پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا اور اضافی پولیس فورس طلب کرتے ہوئے علاقہ میں سکیورٹی سخت کردی۔ اعلیٰ پولیس حکام بھی موقع پر پہنچ گئے اور حالات پر قابو پانے کی کوشش کی۔ اس جھڑپ کے باعث مصروف مہدی پٹنم تا عطاپور سڑک پر کچھ دیر کیلئے ٹریفک متاثر رہی

 

، تاہم بعد میں پولیس نے ٹریفک بحال کرادی۔واقعہ کے بعد رکن اسمبلی ماجد حسین نے ڈی سی پی گولکنڈہ دفتر کے سامنے دھرنا دیتے ہوئے لاری کو نقصان پہنچانے اور ڈرائیور و کلینر پر حملہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ بعد ازاں جوائنٹ کمشنر آف پولیس تفصیر اقبال موقع پر پہنچے اور رکن اسمبلی سے بات چیت کرتے ہوئے معاملے کی مکمل تحقیقات کا یقین دلایا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button