حیدرآباد میں اسٹریٹ فائٹس کا سلسلہ جاری، حبیب نگر میں تازہ واقعہ کے بعد عوام میں خوف
حیدرآباد میں اسٹریٹ فائٹس کا سلسلہ، عوام میں خوف و بے چینی میں اضافہ
حیدرآباد شہر میں حالیہ دنوں لگاتار اسٹریٹ فائٹس کے واقعات پیش آ رہے ہیں جس سے شہریوں میں خوف و ہراس بڑھ گیا ہے۔ ساؤتھ ویسٹ زون میں یہ واقعات زیادہ ریکارڈ ہو رہے ہیں۔ گزشتہ ہفتہ ٹولی چوکی اور اصف نگر پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آئے دو گروپ کے جھگڑوں سے مقامی عوام میں تشویش پیدا ہوئی تھی۔
اسی طرح تازہ واقعہ حبیب نگر پولیس اسٹیشن حدود، نامپلی درگاہ کے قریب پیش آیا جہاں ایک اور اسٹریٹ فائٹ نے حالات کو سنگین بنا دیا۔ دو دن کے وقفہ میں ایسے واقعات پر پولیس کی ناکافی کارروائی پر عوام شدید ناراضی ظاہر کر رہے ہیں۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات میں اسٹریٹ فائٹس بڑھتے ہوئے بھی گشت کو مضبوط نہیں کیا جا رہا، جس سے نظم و نسق متاثر ہو رہا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ ادھر پولیس حکام نے بتایا کہ ان واقعات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔



