قانون کے رکھوالے ہی قانون شکن نکلے -حیدرآباد میں رشوت لیتے دو پولیس عہدیدار پکڑے گئے
حیدرآباد: سائبر کرائم کیس میں گرفتاری سے بچانے کے لئے شکایت کنندہ سے رشوت لینے والے دو پولیس افسران کو اینٹی کرپشن بیورو نے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
اطلاعات کے مطابق ملکاجگری پولیس کمشنریٹ کے حدود میں واقع ایل بی نگر سائبر کرائم پولیس اسٹیشن سے وابستہ دو آر ایس آئی، پرمود گوڑ اور بابو نائک کو پیر کے روز ایک لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے اے سی بی حکام نے پکڑ لیا۔
حکام کے مطابق ایل بی نگر چوراستہ پر آر ایس آئی بابو نائک شکایت کنندہ سے ایک لاکھ روپے وصول کر رہے تھے کہ اسی دوران اے سی بی کے ڈی ایس پی گنگاسانی شری دھر کی قیادت میں ٹیم نے چھاپہ مار کر دونوں افسران کو گرفتار کر لیا۔
اے سی بی ٹیم نے ایک لاکھ روپے نقد ضبط کر کے دونوں ملزمین کو حراست میں لے لیا اور بعد ازاں انہیں نامپلی میں واقع اے سی بی عدالت میں پیش کیا گیا۔
اے سی بی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی سرکاری ملازم یا افسر اپنے فرائض کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رشوت طلب کرے تو فوری طور پر ٹول فری نمبر 1064 پر اطلاع دیں۔ اس کے علاوہ واٹس ایپ نمبر 9440446106 کے ذریعے بھی شکایت درج کروائی جا سکتی ہے۔



