جرائم و حادثات

حیدرآباد میں انٹرنیشنل جسم‌ فروشی کا پردہ فاش۔ روس، ازبیکستان کی لڑکیاں بھی متاثرین میں شامل

حیدرآباد: حیدرآباد کی سائبرآباد پولیس نے آن لائن جسم فروشی کے بہت بڑے معاملہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے خاتون سمیت دلالوں کی ایک ٹولی کو گرفتارکرلیا ، جبکہ متاثرین میں ہندوستان کی مختلف ریاستوں کے علاوہ روس اورازبیکستان کی لڑکیاں بھی شامل بتائی گئی ہیں، کمشنرپولیس اسٹیفن رویندرا نے آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ویب سائیٹس کے علاوہ حیدرآباد، بنگور، ممبئی سے کال سنٹرس کے ذریعہ گاہکوں کو راغب کیا جاتا، واٹس ایپ کے ذریعہ مقامی دلالوں سے لڑکیوں اورخواتین کی تصاویرحاصل کرکے انھیں مین آرگنائزرس کو بھجوایا کرتے تھے اوروہ یہ تصاویر گاہکوں کو بھجواتے۔ ٹولی کے ارکان مختلف مقامات سے سیکس ریاکٹ چلاتے ہوئے متاثرہ لڑکیوں کو طیارہ کا ٹکٹ فراہم کرکے انھیں ہوٹلوں کو بھجوا یا کرتے تھے۔ یہ ٹولی منشیات بھی سربراہ کرتی تھی۔ بعد ازاں حاصل ہونے والی رقم آپس میں تقسیم کرلی جاتی۔ پولیس نے اس معاملہ میں پانچ مقدمات درج کرتے ہوئے 17 ملزموں کو گرفتار کیا ہے۔ کمشنرپولیس نے بتایا کہ متاثرین کی تعداد 14 ہزار 190 ہے اوران کا تعلق آندھراپردیش، تلنگانہ، کرناٹک، دہلی، ممبئی، کولکتہ، آسام، بنگلہ دیش، نیپال کے علاوہ تھائی لینڈ، ازبکستان، روس وغیرہ سے بھی ہے۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button