کاکیناڈا میں خاندان کی اجتماعی خودکشی: رائفل شوٹنگ کوچ صادق خان دہلی میں گرفتار، داماد کے قتل کا بھی الزام

کاکینادا خاندان کی اجتماعی خودکشی: رائفل شوٹنگ کوچ صادق خان دہلی میں گرفتار، داماد کے قتل کا بھی الزام
کاکینادا: آندھرپردیش کے کاکیناڈا سے تعلق رکھنے والے پنچایت راج کے اسسٹنٹ انجینئر تِلاپودی نوکا راجو کے خاندان کی گوداوری ندی میں اجتماعی خودکشی کے معاملے میں پولیس نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے رائفل شوٹنگ کوچ شیخ صادق خان کو دہلی میں گرفتار کرلیا ہے۔
اطلاع کے مطابق، ملزم گزشتہ پانچ دنوں سے پولیس کو چکمہ دے رہا تھا۔ اسے گرفتار کرنے کے لیے 10 ایس آئیز سمیت تقریباً 40 پولیس اہلکاروں پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔ جمعہ کو پختہ اطلاع ملنے پر دہلی میں کارروائی کرتے ہوئے صادق کو گرفتار کیا گیا۔ امکان ہے کہ اسے اتوار تک کاکینادا منتقل کردیا جائے گا۔
یہ واقعہ دونوں تلگو ریاستوں میں شدید سنسنی کا باعث بنا تھا۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق، صادق خان کی مبینہ ہراسانی اور دھمکیوں سے تنگ آکر نوکا راجو، ان کی اہلیہ، بیٹی سوجنیا اور خاندان کے دیگر افراد نے 16 اگست کی نصف شب گوداوری ندی میں چھلانگ لگا دی تھی۔ اس واقعے میں 10 سالہ کارتیکیا ریڈی کے زندہ بچ جانے کی اطلاع ہے۔
شوٹنگ اکیڈمی چلانے والے شیخ صادق خان نے مبینہ طور پر اپنے پاس شوٹنگ سیکھنے کے لیے آنے والے ایک لڑکے کارتیکیا ریڈی کو ذریعہ بنا کر اس کی والدہ سوجنیا، جو نوکا راجو کی بیٹی ہیں، سے قربت پیدا کی۔ الزام ہے کہ صادق نے اپنی باتوں سے سوجنیا کو اپنے اعتماد میں لیا اور آہستہ آہستہ اس خاندان کے گھریلو معاملات پر اپنا اثر و رسوخ قائم کرلیا۔
پولیس کے مطابق، صادق نے مبینہ طور پر خاندان کے پاس موجود قیمتی سونا، نقد رقم، بینک اے ٹی ایم کارڈز کے علاوہ جائیداد کے دستاویزات بھی اپنے قبضے میں لے لئے۔ الزام ہے کہ وہ خاندان کو اس قدر شدید ذہنی اذیت اور ہراسانی کا شکار بناتا رہا کہ وہ اپنی پریشانی کسی کے سامنے بیان کرنے کی حالت میں بھی نہیں تھے۔ اہلِ خانہ کو مبینہ طور پر مسلسل ذہنی اذیت دے کر صادق نے ان کی زندگی اجیرن کردی تھی۔
پولیس کے مطابق، صادق نوکا راجو کی بیٹی سوجنیا کے ساتھ قریبی تعلقات رکھتا تھا اور اس نے سوجنیا کی تصاویر اور ذاتی معلومات کو بنیاد بنا کر اسے مبینہ طور پر بلیک میل اور ہراساں کیا۔ سوجنیا کے خط میں الزام لگایا گیا ہے کہ صادق نے اس کی جائیداد، سونا، نقد رقم اور اے ٹی ایم کارڈ بھی اپنے قبضے میں لے لئے تھے۔ وہ اس کی بات نہ ماننے پر اس کے والد نوکا راجو سمیت خاندان کے تمام افراد کو قتل کرنے کی دھمکیاں دیتا تھا۔ خط میں یہ بھی الزام لگایا گیا ہے کہ صادق نے سوجنیا پر اسلام قبول کرنے کے لیے دباؤ ڈالا تھا۔
خاندان کی اجتماعی خودکشی سے قبل نوکا راجو نے ایک خط تحریر کیا تھا، جس میں مبینہ طور پر پورے واقعے کی وجوہات اور صادق کی ہراسانی کی تفصیلات بیان کی گئی تھیں۔ نوک راجو نے یہ خط واٹس ایپ کے ذریعے بھی شیئر کیا تھا۔ اس کے علاوہ سوجنیا کے نام سے ایک اور خط سامنے آیا ہے، جس میں اس نے اپنے شوہر جگدیشور ریڈی کی موت کے حوالے سے انتہائی سنگین الزام عائد کیا ہے۔
سوجنیا کے خط کے مطابق، جگدیشور ریڈی کی تقریباً 45 دن قبل بیماری سے موت نہیں ہوئی تھی بلکہ صادق نے انہیں زہریلی چیز دے کر قتل کیا تھا۔ اس خط میں صادق پر سوجنیا کو دھمکانے، اس کی نجی تصاویر کا غلط استعمال کرنے، مالی اثاثے ہتھیانے اور خاندان کو قتل کرنے کی دھمکیاں دینے سمیت کئی سنگین الزامات عائد کئے گئے ہیں۔
جگدیشور ریڈی کی موت 2 جولائی کو ہوئی تھی۔ ان کی موت پر حالیہ دنوں میں شبہات ظاہر ہونے کے بعد ان کے والد بھاسکر ریڈی نے کاکینادا ضلع پولیس سے رجوع کیا اور صادق کے مبینہ کردار کی جامع تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ اس کے بعد سرپاورم پولیس اسٹیشن میں صادق کے خلاف اقدامِ قتل سمیت مزید پانچ دفعات کے تحت مقدمہ درج کئے جانے کی اطلاع ہے۔
پولیس نے نوک راجو کا موت سے قبل تحریر کردہ بیان، سوجنیا کا خط اور واقعے میں زندہ بچ جانے والے کارتیکیا ریڈی کی فراہم کردہ معلومات کو تحقیقات کا اہم حصہ بنایا ہے۔ کارتیکیا نے پولیس کو بتایا کہ سوجنیا نے اپنا خط گھر کے قریب اسکوٹر کی ڈکی میں رکھا تھا، جس کے بعد پولیس نے اسے برآمد کرلیا۔
اب صادق خان کی گرفتاری کے بعد پولیس اجتماعی خودکشی، جگدیشور ریڈی کی موت اور سوجنیا سمیت پورے خاندان کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے الزامات کے تمام پہلوؤں سے پوچھ گچھ کرے گی۔ پولیس یہ بھی جاننے کی کوشش کرے گی کہ آیا جگدیشور ریڈی کی موت اور بعد میں خاندان کی اجتماعی خودکشی کے پیچھے صادق کا براہِ راست کوئی کردار تھا یا نہیں۔ ان الزامات کی حتمی تصدیق پولیس کی مکمل تفتیش اور قانونی کارروائی کے بعد ہی ہوسکے گی۔






