ہوٹل میں ہندو لڑکی کے ساتھ پکڑے جانے پر مسلم نوجوان کی سرعام تذلیل: بجرنگ دل کارکنوں نے سیاہی مل کر سڑک پر گھمایا – مدھیہ پردیش میں واقعہ
چھترپور – 24 نومبر ( اردولیکس ڈیسک)!مدھیہ پردیش کے چھترپور ٹاؤن میں جمعہ کے روز ایک مسلم نوجوان کے ساتھ بھیڑ نے مبینہ طور پر تشدد اور انتہائی تذلیل آمیز سلوک کیا۔
نوجوان ایک ہندو لڑکی کے ساتھ ایک ہوٹل کے کمرے میں پایا گیا تھا۔ لڑکی کا الزام ہے کہ نوجوان اسے 35 ہزار روپے کے قرض کی بنیاد پر بلیک میل کر رہا تھا اور زبردستی ہوٹل بلایا تھا۔
اطلاعات کے مطابق بجرنگ دل کے کارکنوں نے نوجوان کو کمرے سے گھسیٹ کر باہر لایا، اس کے چہرے پر کالک اور کیچڑ مل دی، بال نوچے اور اسے برہنہ حالت میں سڑکوں پر گھماتے ہوئے پولیس اسٹیشن تک لے گئے۔
راستے میں اسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ واقعہ سِول لائنس تھانہ علاقے کے آدرش پلازا ہوٹل میں پیش آیا، جو مقامی بی جے پی لیڈر کے گھرانے سے جڑا بتایا جاتا ہے۔
پولیس نے نوجوان کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ لڑکی کو علیحدہ طور پر پوچھ گچھ کے لیے رکھا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں فریقوں کے بیانات قلمبند کیے جائیں گے اور ہوٹل کے سی سی ٹی وی فوٹیج کی بھی جانچ کی جائے گی۔ واقعے پر پولیس کی جانب سے ابھی کوئی تفصیلی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے، تاہم معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔



