تلنگانہ

حیدرآباد کے پرانا شہر سے ایرپورٹ تک میٹرو ریل کے منصوبے کو تیار کرنے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت

حیدرآباد _ 14 دسمبر ( اردولیکس) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے  عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ حیدرآباد کے پرانا شہر سے شمش آباد ایرپورٹ تک میٹرو ریل کی تعمیر کے منصوبے کا تیار کریں۔ اسی طرح چیف منسٹر نے رائے درگم سے ایر پورٹ میٹرو ریل کے آؤٹر رنگ روڈ سے مربوط پراجکٹ کے ٹنڈر کو زیر التواء رکھنے کی بھی ہدایت دی۔

 

چیف منسٹر نے چہارشنبہ کو حیدرآباد میٹرو ریل کے توسیعی کاموں کا اعلی سطح اجلاس میں جائزہ لیا۔انہوں نے کہا رائے درگم سے ایرپورٹ تک میٹرو ریل کے بجائے پرانا شہر سے ایرپورٹ تک میٹرو کی تعمیر سے کافی لوگوں کو فائدہ ہوگا۔اس کے لئے فوری طور پر مہاتما گاندھی بس اسٹیشن  سے فلک نما اور فلک نما سے ایر پورٹ تک میٹرو ریل پراجیکٹ کے منصوبے کو تیار کریں۔ اسی طرح ایل بی نگر سے براہ چند رائن گٹہ  ایر پورٹ میٹرو ریل کو مربوط کرنے کا پراجکٹ ببھی تیار کریں۔

 

چیف منسٹر نے حیدر آباد میٹروریل کے منیجنگ ڈائرکٹر کو ہدایت دی کہ وہ کم خرچ پر میٹرو کو مربوط کرنے کی منصوبہ بندی کریں۔پرانا شہر کے میلار دیو پلی، جل پلی اور پہاڑی شریف روڈ کے علاوہ بارکس پہاڑی شریف اور سری سیلم روڈ سے ایرپورٹ کو مربوط کرنے کی گنجائش کا جائزہ لیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ شہر سے سیدھا ایر پورٹ پہنچنے والی میٹرو لائن سے اخراجات بھی کم ہو سکتے ہیں اور کھلے علاقوں میں میٹرو ریل کی تعمیر میں بھی آسانی ہو سکتی ہے کیونکہ اکثر علاقوں میں سرکاری اراضیات  ہیں اس سے خانگی اراضیات خریدنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button