جرائم و حادثات

16 سال کی عمر میں ’مافیا ڈان‘ بننے کا خواب – دوست کے ساتھ مل کر ماں کو قتل کرنے والا نابالغ گرفتار

حیدراباد – آندھرا پردیش کے وجیانگرم ضلع میں ایک سنسنی خیز واردات سامنے آئی ہے جہاں 16 سالہ لڑکے نے مافیا ڈان بننے کے خواب میں اپنے دوست کے ساتھ مل کر اپنی ہی ماں کو قتل کر دیا۔ پولیس نے دونوں نابالغ ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے۔

 

راجام گاؤں کے رہائشی منجیٹی ستیش اور 34سالہ اسپندنا  کے بیٹے نے حال ہی میں دسویں جماعت مکمل کی تھی۔ اسکول انتظامیہ کی جانب سے ایک لڑکی کو لو لیٹر لکھنے کی شکایت کے بعد ماں نے کئی مرتبہ بیٹے کو سمجھایا اور اچھی راہ پر چلنے کی نصیحت کی تھی، جس پر لڑکے نے ماں کے خلاف دشمنی پیدا کرلی۔

 

پولیس کے مطابق ملزم کا ایک دوست بھی اس واردات میں شامل تھا، جس نے اسے ممبئی جا کر “مافیا ڈان” بننے کا خواب دکھایا۔ دونوں نے منصوبہ بنا کر اس وقت واردات انجام دی جب ماں گھر میں اکیلی تھی۔

 

ملزمین نے پہلے گھر سے تقریباً ساڑھے نو تولے سونا اور 5 ہزار روپے نقد چرائے، پھر چاقو سے 16 وار کر کے خاتون کو قتل کر دیا۔ موت کی تصدیق کے بعد نعش کو ساڑی میں لپیٹ کر قریب موجود تالاب میں پھینک دیا گیا۔

 

4 مئی کو پیش آنے والے اس واقعہ کو ابتدا میں مشتبہ موت قرار دے کر کیس درج کیا گیا تھا، تاہم تحقیقات کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ مقتولہ کا اپنا ہی بیٹا قتل میں ملوث ہے۔

 

قتل کے بعد دونوں ملزمان بھونیشور، ممبئی، وشاکھاپٹنم اور تروپتی سمیت مختلف علاقوں میں گھومتے رہے۔ بعد ازاں پالاسا جانے کے دوران پولیس نے انہیں چلاکلپالم کے قریب حراست میں لے لیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button