نابالغ لڑکی کی اجتماعی عصمت ریزی ۔ حیدرآباد کے پرانے شہر میں شرمناک واقعہ

حیدرآباد: حیدرآباد کے پرانے شہر کے علاقے میں ایک کم عمر لڑکی کے ساتھ دو آٹو ڈرائیوروں کی جانب سے مبینہ طور پر اجتماعی جنسی زیادتی کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جس سے مقامی افراد میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
پولیس کے مطابق بنڈلہ گوڑہ علاقے سے تعلق رکھنے والی 15 سالہ لڑکی بارکس کے ایک مکان میں گھریلو معاون کے طور پر کام کرتی تھی۔ لڑکی گھر سے اپنی ڈیوٹی پر جانے کے لیے آٹو میں سوار ہوئی تھی۔
الزام ہے کہ آٹو میں موجود ڈرائیور احمد اور اسلم نے لڑکی کو اس کی منزل تک پہنچانے کے بجائے منصوبہ بندی کے تحت ایک سنسان علاقے میں زبردستی لے گئے اور اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔واقعہ کے بعد شدید خوف اور صدمے کا شکار لڑکی نے اپنے ارکان خاندان کو اس بارے میں اطلاع دی
جس پر خاندان کے افراد نے فوری طور پر پولیس سے رجوع کیا۔ متاثرہ لڑکی کے ارکان خاندان کی شکایت پر چند رائن گٹہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے احمد اور اسلم کے خلاف پوکسو قانون اور دیگر متعلقہ سخت دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس نے خصوصی ٹیموں کے ذریعے تلاش کرتے ہوئے دونوں ملزمین کو حراست میں لے لیا اور ان سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔ پولیس حکام نے کہا ہے کہ نابالغوں کے خلاف اس قسم کے سنگین جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔



