جرائم و حادثات

حیدرآباد کے پرانے شہر میں نابالغ لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی۔ ایک شخص کو 20 سال قید کی سزا

حیدرآباد ۔سنتوش نگر پولیس کی مؤثر تفتیش اور استغاثہ کی کامیاب پیروی کے نتیجے میں کمسن لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کے مقدمے میں ملزم کو 20 سال قیدِ سخت کی سزا سنائی گئی ہے۔

 

حیدرآباد کی معزز XII ایڈیشنل سیشن عدالت و خصوصی پوکسو عدالت کی جج ایم. ارچنا کماری نے یکم جون 2026 کو مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم محمد ضمیرالدین عمر (70 سال) کو مجرم قرار دیا۔

 

پولیس کے مطابق یہ مقدمہ ابتدا میں چندرائن گٹہ پولیس اسٹیشن میں کرائم نمبر 229/2023 کے تحت درج کیا گیا تھا جسے بعد ازاں دائرۂ اختیار کے مطابق سنتوش نگر پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔ عدالت میں اس مقدمے کی سماعت ہوئی۔

 

تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ 11 مئی 2023 کو گلشن اقبال کالونی میں ایک کمسن لڑکی دودھ خریدنے کے لیے مقامی کریانہ دکان گئی تھی جہاں دکاندار محمد ضمیرالدین نے اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔ متاثرہ بچی کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کیں۔

 

سماعت کے دوران پیش کیے گئے شواہد اور گواہوں کے بیانات کی بنیاد پر عدالت نے ملزم کو آئی پی سی دفعہ 376(2)(f) اور پوکسو ایکٹ 2012 کی دفعات 3 اور 4 کے تحت قصوروار قرار دیتے ہوئے 20 سال قیدِ سخت اور 5 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کو مزید 6 ماہ قیدِ سادہ بھگتنی ہوگی۔

 

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button