جرائم و حادثات

سنگاریڈی ضلع میں بین ریاستی منشیات کی تیاری کے یونٹ پر ممبئی پولیس کا دھاوا۔ 6.5 کروڑ روپے مالیت کا سامان ضبط

حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع سنگاریڈی کے کوہیر منڈل میں خفیہ طور پر چلائے جا رہے ایک بین ریاستی منشیات (ڈرگز) تیار کرنے والے مرکز کا مہاراشٹر پولیس نے پردہ فاش کر دیا ہے۔

 

پولیس نے کوہیر کے تحت واقع پیچیریاگڈی تانڈہ میں موجود 2 فارم ہاؤسز میں یہ غیر قانونی ڈرگس کی تیاری کی فیکٹری چلانے کا سراغ لگایا۔مصدقہ خفیہ اطلاع ملنے پر ممبئی سے آنے والی ایک خصوصی پولیس ٹیم نے فارم ہاؤس پر اچانک چھاپہ مارا۔

 

تلاشی کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ وہاں لیبارٹری جیسی جدید سہولیات قائم کر کے بڑے پیمانے پر منشیات تیار کی جا رہی تھیں۔ چھاپے کے دوران تقریباً 3 کلو گرام خطرناک منشیات "میفیڈرون” برآمد کی گئی جبکہ اس کی تیاری میں استعمال ہونے والا بھاری مقدار میں خام مال بھی ضبط کر لیا گیا۔

 

حکام کے مطابق ضبط کیے گئے خام مال کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 6.5 کروڑ روپے ہے۔ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ گروہ منشیات کی تیاری کے لیے درکار خام مال کو خفیہ طور پر ممبئی سے یہاں منتقل کرتا تھا۔ پولیس کی نگرانی سے بچنے کے لیے ملزمان نے حیدرآباد کے

 

قریب واقع سنگاریڈی کے دیہی علاقے میں موجود فارم ہاؤس کو محفوظ مقام کے طور پر منتخب کیا تھا۔اطلاعات کے مطابق ملزمان نے اسی فارم ہاؤس میں لیبارٹری قائم کر رکھی تھی جہاں منشیات تیار کی جاتی تھیں اور بعد ازاں انہیں ممبئی سمیت ملک کے دیگر بڑے شہروں میں سپلائی کیا جاتا تھا۔

 

چھاپے کے دوران منشیات تیار کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے تین ملزمین کو مہاراشٹرا پولیس نے حراست میں لے لیا۔ پولیس نے برآمد شدہ منشیات اور تمام خام مال کو بھی ضبط کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button