عمرہ کو جانے والے خاندان کے گھر میں چوری کا معمہ حل۔ بھتیجہ ہی سارق نکلا

حیدرآباد: حبیب نگر پولیس عمرہ کو جانے والے خاندان کے گھر میں چوری کے مقدمے میں تین افراد کو گرفتار کر لیا۔ اس واردات میں 16 لاکھ روپے نقد اور 13.5 تولہ سونا چوری کیا گیا تھا۔
23 جون کو شکایت کنندہ شیخ رحمان محی الدین ساکن حبیب نگر نالہ نے پولیس سے رجوع کرتے ہوئے شکایت درج کروائی تھی کہ ان کے چھوٹے بھائی شیخ اکبر محی الدین کے گھر میں چوری ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چوری ہونے والا سونا اور نقد رقم ان کی بھتیجی کی شادی کے لیے رکھی گئی تھی۔
شکایت کی بنیاد پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لیا گیا سائنسی شواہد جمع کیے گئے فنگر پرنٹس کی جانچ کی گئی اور مقامی سطح پر تفتیش کرکے ملزمین کی شناخت کی گئی۔
گرفتار ملزمین کی شناخت محمد یونس (35 سال)، پولے سندیپ (37 سال) اور شیخ رمیز (23 سال) کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس نے ملزمین کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی ایک موٹر سائیکل بھی ضبط کر لی اور چوری شدہ سونا اور نقدی بر آمد کرلی۔
پولیس نے بتایا کہ چوری کے واقعہ میں متاثرہ شخص کے بھائی کا بیٹا رمیز ملوث ہے اس نے ہی یہ واردات اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر انجام دی۔



