محبت سے انکار پر دن دہاڑے نرس کا قتل، ملزم کا اقدام خودکشی۔ کرناٹک میں دل دہلا دینے والی واردات

بنگلور: محبت کے نام پر نوجوان لڑکیوں کے خلاف ہونے والے بہیمانہ جرائم روزانہ سرخیوں میں رہتے ہیں۔ ملک کے کسی نہ کسی کونے سے ہر روز محبت کے لیے مجبور کرنے تنگ کرنے اور انکار پر قتل کرنے جیسے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔
حال ہی میں ایسا ہی ایک دل دہلا دینے والا واقعہ ریاست کرناٹک میں پیش آیا ہے جہاں ایک جنونی نوجوان نے لڑکی کی جانب سے محبت کا جواب نہ ملنے پر سب کے سامنے بس اسٹینڈ پر تیز دھار ہتھیار سے بے رحمی سے وار کر کے اسے قتل کر دیا۔ اس واقعے کی ویڈیو اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
پولیس کے مطابق یہ انتہائی خوفناک واقعہ جمعرات کی شام کرناٹک کے ضلع دکشن کنڑ کے تعلقہ بنٹوال کے تحت آنے والے بی. سی. روڈ کے ایس آر ٹی سی بس اسٹینڈ پر پیش آیا۔ مقتولہ کی شناخت 21 سالہ لاونیہ کے طورپر کی گئی ہے جو کلاڈکا کے ایک خانگی ہسپتال میں بطور نرس کام کرتی تھی۔
ملزم کی شناخت 22 سالہ چیتن کے طورپر کی گئی ہے جو کافی عرصے سے لاونیہ کو ایک طرفہ محبت کے نام پر ہراساں کر رہا تھا وہ بھی اسی بس میں سوار ہو گیا جس میں لڑکی سوار تھی اور اپنے بیگ سے چاقو نکال لیا۔لاونیہ نے خطرہ بھانپتے ہوئے اپنی جان بچانے کے لیے بس سے اتر کر بس اسٹینڈ کے احاطے کی طرف دوڑ نے لگی
لیکن جنونی چیتن نے اس کا پیچھا کیا اور اس کی گردن کے پچھلے حصے پر بے رحمی سے وار کر دیا۔ حملے کے نتیجے میں شدید خون بہہ جانے کی وجہ سے لاونیہ ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم ہلاک ہو گئی۔ دن دہاڑے اور سب کی موجودگی میں ہونے والے اس ہولناک قتل نے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔
پولیس کی ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم چیتن، لاونیا کا دور کا رشتہ دار ہے اور لڑکی کی جانب سے اس کی محبت کو ٹھکرا دینے کے کینے میں اس نے اس لرزہ خیز واردات کو انجام دیا۔حملے کے فوراً بعد ملزم ہتھیار وہیں پھینک کر کار میں فرار ہو گیا۔ بنٹوال ٹاؤن پولیس نے اس واقعے کا مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔
فرار ہونے کے بعد ملزم چیتن نے چوہے مار دوا کھا کر خودکشی کی کوشش کی جس کے بعد پولیس نے اسے اپنی حراست میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔



