حیدرآباد میں قحبہ گیری کے اڈہ پر دھاوا۔بیرون ممالک کی لڑکیوں سے جسم فروشی کا انکشاف

حیدرآباد ۔حیدرآباد کی سائبرآباد پولیس کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ یونٹ نے ایک اہم کارروائی کے دوران جسم فروشی میں ملوث نیٹ ورک کو بے نقاب کرتے ہوئے نو خواتین کو بازیاب کرالیا جن میں دو غیر ملکی خواتین بھی شامل ہیں۔
پولیس نے باوثوق ذرائع سے اطلاع ملنے پر مادھاپور پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع ایک ہوٹل پر دھاوا کیا جہاں جسم فروشی کا غیر قانونی دھندہ جاری تھا۔ کارروائی کے دوران بازیاب کی گئی خواتین میں دو کا تعلق مغربی بنگال، دو کا دہلی، جب کہ تین خواتین جھارکھنڈ، ہریانہ اور پنجاب سے تعلق رکھتی ہیں۔ اس کے علاوہ ازبکستان اور ترکمانستان کی دو غیر ملکی خواتین کو بھی وہاں سے بازیاب کرایا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان مختلف ریاستوں سے خواتین کو حیدرآباد لا کر آن لائن ویب سائٹس پر اشتہارات دیتے اور فون و واٹس ایپ کے ذریعے گاہکوں سے رابطہ قائم کرتے تھے۔ بعد ازاں ان خواتین کو زبردستی جسم فروشی پر مجبور کیا جاتا تھا۔
پولیس نے کارروائی کے دوران متاثرہ خواتین کو ریسکیو کرنے کے ساتھ ساتھ اس غیر قانونی نیٹ ورک سے جڑے 9 افراد کو گرفتار کرلیا۔