شاہ آباد قتل کیس۔ راجکمار نے جرم سے چند گھنٹے قبل بیٹوں کے ساتھ کرکٹ کھیلا

حیدرآباد: اپنی بیوی اور دو بیٹوں سمیت چھ افراد کے قتل کے ملزم پی راجکمار کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ جرم سے محض چند گھنٹے پہلے اپنے بیٹوں کو بال کٹوانے لے گیا تھا اور ان کے ساتھ کرکٹ بھی کھیلی تھی۔
راجکمار کے خلاف مئی میں ایک 17 سالہ پڑوسی لڑکی کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے پر ‘پوکسو’ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ بعد میں اسے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل ہوگئی۔
جمعہ، 10 جولائی کو راجکمار سی سی ٹی وی کیمرے میں رات تقریباً 11 بجے رنگاریڈی ضلع کے گاؤں دیولاگوڈا سے 17 سالہ لڑکی کو زبردستی اپنی کار میں لے جاتے ہوئے قید ہوا۔پولیس کے مطابق راجکمار پہلے متاثرہ لڑکی کے گھر میں داخل ہوا اور نوعمر لڑکی کو اغوا کرنے سے پہلے اس کی ماں اور نانی کو قتل کر دیا۔
شبہ ہے کہ وہ لڑکی کو تقریباً تین کلومیٹر دور واقع ایک جھیل پر لے گیا جہاں اس نے لڑکی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس کا گلا کاٹ دیا۔اس کے بعد وہ اپنے گھر واپس آیا جہاں اس نے مبینہ طور پر اپنی بیوی اور دو چھوٹے بچوں کو بھی قتل کر دیا۔
تحقیقات کرنے والے حکام کا ماننا ہے کہ یہ چھ قتل رات 11 بجے سے 12 بجے کے درمیان تقریباً ایک گھنٹے کے دوران کیے گئے۔ اپنا موبائل فون بند کرنے سے پہلے راجکمار نے اپنے باپ کو فون کر کے ان ہولناک قتلوں کی اطلاع دی تھی اور کہا تھا کہ وہ اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے جا رہا ہے۔
راجکمار کی بیوی، پاروتی سریتا کے رشتہ داروں نے میڈیا کو بتایا کہ مختلف برادریوں سے تعلق رکھنے کے باوجود دونوں نے 2018 میں پسند کی شادی کی تھی۔ ان کے دو بیٹے تھے جن کی عمریں تین اور دو سال تھیں۔
راجکمار اپنی بیوی سریتا سے پانچ سال چھوٹا تھا۔رشتہ داروں نے الزام لگایا کہ 2024 میں جب سے راجکمار اس نابالغ لڑکی کے رابطے میں آیا تھا اس نے سریتا کو طلاق کے لیے دھمکانا شروع کر دیا تھا۔ایک اور رشتہ دار نے بتایا کہ سریتا نے بی ایڈ (B.Ed) مکمل کر لیا تھا
اور حال ہی میں ‘ٹیچر ایلیجیبلٹی ٹیسٹ’ (TET) پاس کیا تھا۔ دوسری طرف راجکمار نے تین ایکڑ زمین فروخت کی تھی جس سے اسے 1.3 کروڑ روپے فی ایکڑ حاصل ہوئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ڈیری فارم شروع کرنے کے لیے شیڈس بھی بنا رہا تھا۔
معلوما ہوا ہے کہ اس سنسنی خیز واردات کو انجام دینے سے پہلے اس نے اپنے بچوں کے بال کٹوائے اور ان کے ساتھ کرکٹ کھیلا اور اس کے بعد نابالغ لڑکی اس کے ارکان خاندان کو موت کے گھاٹ اتارنے کے بعد اس نے اپنے بیوی اور بچوں کو بھی ماردیا۔
لوگوں کیلئے یہ بات ابھی تک معمہ بنی ہوئی ہے کہ راجکمار نے انتقامی کاروائی کے طورپر لڑکی اور اس کے گھر والوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا لیکن اس نے اپنے بیوی بچوں کو کیوں ماردیا۔



