ایس آئی آر درخواست کی تصویر لینے کے بہانے خاتون سے تین تولے سونا لوٹ لیا گیا – تلنگانہ کے بی بی نگر میں واقعہ

مرکزی الیکشن کمیشن کی خصوصی ووٹر فہرست نظرثانی مہم کے لئے درخواست جمع کرانے اور تصویر لینے کا جھانسہ دے کر نامعلوم افراد نے ایک خاتون سے تقریباً تین تولے وزنی سونے کا منگل سوتر لوٹ لیا۔ یہ واردات اتوار کو تلنگانہ کے ضلع یادادری بھونگیر کے بی بی نگر قصبے میں پیش آئی۔
متاثرہ خاندان کے مطابق، بی بی نگر کی رہائشی خاتون کے پاس دو نامعلوم افراد موٹر سائیکل پر آئے اور کہا کہ ایس آئی آر درخواست کے لیے تصویر لینا ضروری ہے۔ انہوں نے خاتون سے کہا کہ تصویر صاف آنے کے لیے وہ اپنے گلے سے سونے کا منگل سوتر اتار کر اپنے شوہر کے حوالے کر دیں۔
خاتون نے ان کی بات پر یقین کرتے ہوئے زیور اتار کر شوہر کو دے دیا۔ اس کے بعد ملزمین خاتون کو یہ کہہ کر کچھ دور لے گئے کہ درخواست کا عمل قریب موجود مندر کے پاس تعینات اہلکاروں کے پاس مکمل کرانا ہوگا۔
اسی دوران دونوں ملزمین واپس مڑے، موٹر سائیکل پر خاتون کے شوہر کے پاس پہنچے، ان کے ہاتھ سے سونے کا منگل سوتر چھین کر فرار ہوگئے۔
دھوکے کا احساس ہوتے ہی متاثرہ خاتون نے پولیس سے رجوع کیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی، مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دیں۔ پولیس اطراف کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لے رہی ہے اور ملزمین کی تلاش جاری ہے۔



