حیدرآباد میں سب انسپکٹر رشوت لیتے ہوئے گرفتار

حیدرآباد: چندانگر پولیس اسٹیشن میں درج ایک کیس کی تفتیش کرکے چارج شیٹ داخل کرنے کے لیے رشوت طلب کرنے والے سب انسپکٹر اور کانسٹیبل کو محکمہ انسدادِ رشوت ستانی کے حکام نے رنگے ہاتھوں گرفتارکرلیا۔
اے سی بی حکام کے مطابق، سائبرآباد کمشنریٹ کے چندانگر پولیس اسٹیشن سے وابستہ سب انسپکٹر بال راج اور پولیس کانسٹیبل/رائٹر راگھویندرکے خلاف شکایت موصول ہوئی تھی کہ انہوں نے ایک کیس میں سرکاری طور پر انجام دی جانے والی کارروائی کے لیے رشوت طلب کی۔
حکام نے بتایا کہ چندانگر پولیس اسٹیشن میں درج کرائم نمبر 696/2026 کیس کی تفتیش مکمل کرکے چارج شیٹ داخل کرنے کے لیے شکایت کنندہ سے 75 ہزار روپے رشوت طلب کی گئی تھی۔اسی سلسلے میں ہفتہ کو رنگاریڈی رینج کے اے سی بی حکام نے ٹریپ آپریشن کیا۔
اس دوران ایس آئی بندیل بال راج کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔ رشوت کے طور پر وصول کیے گئے 75 ہزار روپے نقد اے سی بی حکام نے ایس آئی کے دفتر کی میز کی دراز سے برآمد کرلیے۔اے سی بی نے مزید بتایا کہ اس سے پہلے بھی ایس آئی بندیل بال راج نے 20 ہزار روپے نقد وصول کیے تھے
جبکہ دوسرے ملزم کانسٹیبل/رائٹر بوٹا راگھویندر کمار نے 10 ہزار روپے یو پی آئی کے ذریعے وصول کیے تھے۔



