حیدرآباد میں جعلی دستاویزات کے ذریعہ زمین رجسٹریشن کرنے والی خاتون سب رجسٹرار گرفتار
حیدرآباد کے علاقے سکندرآباد کی خاتون سب رجسٹرار جیوتی کو جعلی دستاویزات کے رجسٹریشن کیس میں پولیس نے گرفتار کر لیا۔ عدالت نے انہیں 14 دن کے ریمانڈ پر بھیج دیا۔ یہ معاملہ شہر کے قطب اللہ پور کے علاقے سبھاش نگر میں 200 گز زمین پر قبضے سے متعلق ہے، جس پر الزام ہے کہ پدمجا ریڈی نامی خاتون نے جعلی دستاویزات کے ذریعے قبضہ کیا۔ ماضی میں قطب اللہ پور سب رجسٹرار کے طور پر خدمات انجام دینے والی جیوتی پر الزام ہے کہ انہوں نے جعلی دستاویزات کے ذریعے اس زمین کو پدمجا ریڈی کے نام پر رجسٹر کرنے میں مدد کی۔
اس پس منظر میں پولیس نے پدمجا ریڈی اور سب رجسٹرار جیوتی کے خلاف کیس درج کیا۔ حال ہی میں پدمجا ریڈی کو پولیس نے زمین پر قبضے کے کیس میں گرفتار کیا اور عدالت نے انہیں ریمانڈ پر بھیجا۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، پولیس نے اس کیس میں سکندرآباد کی موجودہ سب رجسٹرار جیوتی کو بھی گرفتار کیا ہے۔
سبھاش نگر کی اس زمین کو ہڑپنے کے لیے چند افراد نے اس کے مالک کی موت کا جعلی سرٹیفیکیٹ بنایا اور قطب اللہ پور سب رجسٹرار جیوتی کے تعاون سے رجسٹریشن مکمل کرایا۔ تحقیقات کے دوران پولیس نے جعلی دستاویزات، لیپ ٹاپ، اسکینر، اور دیگر آلات ضبط کر لیے۔