جرائم و حادثات

خاتون کے معاملہ پر دو افراد میں جھگڑا، ایک کی موت – مشتعل رشتہ داروں نے ملزم کے گھر کو آگ لگا دی ؛ تلنگانہ میں واقعہ

خاتون کے معاملہ پر دو افراد میں جھگڑا، ایک کی موت؛ مشتعل رشتہ داروں نے ملزم کے گھر کو آگ لگا دی

 

کھمم : خاتون کے معاملہ پر دو افراد کے درمیان شروع ہونے والا تنازعہ اس وقت انتہائی افسوسناک انجام کو پہنچا جب ایک شخص کی کار سے ٹکر مارے جانے کے بعد ہاسپٹل میں دورانِ علاج موت ہوگئی۔ واقعہ کے بعد متوفی کے رشتہ دار مشتعل ہوگئے اور مبینہ ملزم کے گھر پر حملہ کرکے اسے آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں گاؤں میں شدید کشیدگی پیدا ہوگئی۔

 

پولیس کے مطابق، کتہ گوڑم ضلع کے برہگرام منڈل کے جِنکلا گوڑم گاؤں سے تعلق رکھنے والا 420سالہ مولانا  اور اسی گاؤں کے اسماعیل کے درمیان خاتون سے متعلق مبینہ ناجائز تعلقات کے معاملہ پر 23 اگست کو شدید بحث و تکرار ہوئی تھی۔ اس دوران دونوں کے درمیان تنازعہ شدت اختیار کرگیا۔

 

الزام ہے کہ غصے میں  اسماعیل نے مولانا کو جان سے مارنے کی نیت سے اپنی کار سے زور دار ٹکر مار دی۔ حادثے میں مولانا شدید زخمی ہوگیا۔ افراد خاندان نے اسے فوری طور پر کھمم کے ایک ہاسپٹل منتقل کیا، جہاں وہ کئی دن تک زیر علاج رہا، تاہم ہفتہ کی صبح دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا

 

مولانا کی موت کی اطلاع ملتے ہی جِنکلا گوڑم گاؤں میں غم و غصہ پھیل گیا۔ متوفی کے رشتہ داروں اور گھر والوں نے مشتعل ہوکر ملزم اسماعیل کے گھر پر حملہ کیا اور مبینہ طور پر گھر کو آگ لگا دی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور مقامی افراد موقع پر پہنچے اور آگ پر قابو پالیا، جس سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔

 

بعد ازاں متوفی کے رشتہ داروں اور گاؤں والوں نے ملزم کے گھر کے سامنے میت رکھ کر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے متاثرہ خاندان کو فوری انصاف فراہم کرنے اور ملزم کے خاندان کو گاؤں سے بے دخل کرنے کا مطالبہ کیا۔

 

واقعہ کی اطلاع پر پالونچا ڈی ایس پی ستیش کمار کی نگرانی میں گاؤں میں بھاری پولیس فورس تعینات کردی گئی۔ پولیس نے احتجاج کرنے والوں سے کئی مرتبہ بات چیت کرتے ہوئے حالات کو قابو میں کرنے کی کوشش کی، تاہم گاؤں میں کشیدگی برقرار رہی اور صورتحال انتہائی حساس بنی ہوئی ہے۔

 

متوفی کے بھائی ناگل میراں کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم اسماعیل کو گرفتار کرلیا اور عدالت میں پیش کرنے کے بعد اسے ریمانڈ پر بھیج دیا۔ پولیس نے واقعہ کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات شروع کردی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button