تلنگانہ

صفا بیت المال شاخ عادل آباد کے زیر اہتمام 150 مستحق خاندانوں میں رمضان راشن کی تقسیم ۔ اہل خیر حضرات سے تعاون کی اپیل

عادل آباد۔یکم/ مارچ( )صفا بیت المال شاخ عادل آباد کے زیر اہتمام ہر سال کی طرح اس سال بھی رمضان کے بابرکت مہینے میں مستحق افراد کے لیے راشن کی تقسیم کی گئی۔ اس پروگرام کا انعقاد مستقر عادل آباد کے سنٹرل گارڈن میں کیا گیا، جس میں صفا بیت المال کے صدر، مولانا سید مبشر احمد رشیدی کی صدارت میں 150 خاندانوں کو رمضان راشن تقسیم کیا گیا۔اس موقع پر مختلف تنظیموں کے ذمہ داران، مذہبی اور سماجی شخصیات نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔جن میں حافظ محمد منظور احمد،سینیئر صحافی شاہد احمد توکل،مفتی محمد مصطفی مظاہری،مولانا محمد منیر الدین رشیدی،مفتی سردار رحمانی قاسمی،عرفات احمد خان،حافظ عارف خان،عبدالعزیز،امین بھائی محکمہ پولیس،امید فاؤنڈیشن عبدالعزیز شامل ہیں،ان شخصیات کے ہاتھوں صفا بیت المال کے ذمہ داران مولانا سید مبشر احمد رشیدی،حافظ کاظم پاشاہ،حافظ عبدالعزیز،حافظ شیخ بشیر احمد،حافظ امجد خان کی نگرانی میں مستحقین میں راشن تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے، مولانا سید مبشر احمد رشیدی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ صفا بیت المال شاخ عادل آباد کی جانب سے سال بھر بلا لحاظ مذہب و ملت مختلف فلاحی خدمات انجام دی جاتی ہیں۔ ان خدمات میں مستحقین کو ماہانہ وظائف کی تقسیم، موسم گرما میں ٹھنڈے پانی کے آبدار خانے، موسم سرما میں کمبل تقسیم کرنا اور دیگر ضرورت مند افراد کی مدد شامل ہیں۔مولانا مبشر احمد رشیدی نے مزید بتایا کہ یہ تمام کام اللہ تعالیٰ کے فضل اور اہل خیر حضرات کے تعاون سے انجام دیے جاتے ہیں۔ رمضان کے مہینے میں راشن کا انتظام عارضی طور پر ادھار لے کر کیا جاتا ہے اور بعد میں اہل خیر حضرات سے رقم وصول کرکے ادھار کی رقم ادا کی جاتی ہے۔انہوں نے رمضان المبارک کے دوران اہل خیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ صفا بیت المال کے تعاون کے لیے زکوۃ، صدقات، عطیات اور راشن پیکج میں حصہ لیں تاکہ یہ فلاحی کام جاری رکھا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button