مہاراشٹرا کی 2 بسوں میں گجرات میں بھیانک تصادم ۔حادثہ کے بعد لگی آگ 7 ہلاک 40 سے زائد زخمی

ممبئی: ریاست گجرات میں ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا ۔ ضلع سورت کے بردولی علاقے میں دو بسیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ اس حادثے میں 7 افراد ہلاک جبکہ 40 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔سورت کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) کے مطابق منگل کی شام مہاراشٹر کی ایک بس بردولی کے قریب ایک ٹریکٹر کو بچانے کی کوشش میں بے قابو ہوگئی اور ڈیوائیڈر عبور کر کے سامنے سے آنے والی دوسری آر ٹی سی بس سے ٹکرا گئی
جس کے نتیجے میں یہ المناک حادثہ پیش آیا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔پولیس کے مطابق دونوں بسیں مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بتائی گئی ہیں۔ شدید تصادم کے بعد ایک بس میں آگ بھی بھڑک اٹھی۔
بردولی پولیس نے بتایا کہ بسوں میں پھنسے ہوئے مسافروں کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں کی گئیں۔زخمیوں کو مختلف ہاسپٹلس منتقل کر کے علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔



