یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر عمر قید کے 91 قیدیوں کی رہائی – 6 خواتین قیدی بھی رہا

حیدراباد: تلنگانہ کی یوم تاسیس کے موقع پر حکومت نے خصوصی رعایت کے تحت اہل قرار دیے گئے 91 عمر قید قیدیوں کو آج محکمہ محابس نے رہا کر دیا۔ رہا ہونے والوں میں 85 مرد اور 6 خواتین قیدی شامل ہیں۔
محکمہ جیل کی ڈائریکٹر جنرل سومیا مشرا نے کہا کہ یہ پروگرام صرف قیدیوں کی رہائی تک محدود نہیں بلکہ ذمہ داری، وقار اور امید کے ساتھ نئی زندگی کے آغاز کی علامت ہے
انھوں نے کہا کہ ان تمام قیدیوں کو حکومت کی مقررہ ہدایات کے مطابق رعایت کا اہل قرار دیا گیا تھا۔محکمہ جیل نے رہائی پانے والے قیدیوں کی سماج میں باعزت اور باوقار واپسی کو یقینی بنانے کے لئے بازآبادکاری اور روزگار سے متعلق متعدد اقدامات کئے ہیں۔
رہا شدہ 91 افراد میں سے 38 کو محکمہ جیل کے زیر انتظام مختلف فیول آؤٹ لیٹس میں ملازمت فراہم کی گئی ہے تاکہ وہ فوری طور پر روزگار حاصل کر سکیں اور معاشرے میں بہتر انداز میں ضم ہو سکیں۔باقی 53 قیدیوں نے خود روزگار، زراعت، خاندانی کاروبار اور دیگر آزاد پیشوں میں دلچسپی ظاہر کی ہے
، جو ان کے قانونی اور مثبت طرزِ زندگی اختیار کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔خواتین کی بازآبادکاری اور خود مختاری کے لیے چار خواتین قیدیوں کو جیل ترقیاتی فنڈ کے تحت سلائی مشینیں فراہم کی گئی ہیں تاکہ وہ مستقل ذریعہ معاش حاصل کرکے معاشی طور پر خود کفیل بن سکیں




