وشاکھاپٹنم میں خاتون کا سنسنی خیز قتل، نعش کے ٹکڑے کر کے فریج میں رکھ دیے گئے
ریاست آندھرا پردیش میں ایک نہایت دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جس نے علاقہ میں سنسنی پھیلا دی ہے۔ ایک شخص نے اپنی شناسا خاتون کو گھر بلا کر بے دردی سے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق ضلع وجیانگرم کے راجم علاقے سے تعلق رکھنے والا 35سالہ چنتاڈا رویندر ، جو نیوی میں ٹیکنیشن کے طور پر کام کرتا ہے، اس وقت وشاکھاپٹنم میں رہائش پذیر تھا۔ حال ہی میں اس کی بیوی اپنے میکے وجیانگرم گئی ہوئی تھی۔
اسی دوران رویندر نے اپنی جان پہچان کی ایک خاتون29 سالہ، ماؤنیکا ، کو اتوار کی رات اپنے فلیٹ پر بلایا۔ وہاں اس نے انتہائی سفاکی کے ساتھ اس کا قتل کر دیا۔ واردات کے بعد ملزم نے نعش کے ٹکڑے کر کے فریج میں رکھ دیے۔
بعد ازاں ملزم خود پولیس اسٹیشن پہنچ کر سرنڈر ہو گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں کے درمیان مالی معاملات پر جھگڑا ہوا تھا، جس کے بعد طیش میں آ کر رویندر نے چاقو سے ماؤنیکا کو قتل کیا، نعش کے ٹکڑے کئے، جن میں سے کچھ فریج میں رکھے اور باقی کو ایک تھیلے میں بھر کر گھر کے ایک کونے میں رکھا، اور پھر خود پولیس کے سامنے پیش ہو گیا۔



