حیدراباد کے پرانے شہر میں بچوں کو کمرے میں بند کرکے بیوی کا قتل – 10 گھنٹے بعد واقعہ کی اطلاع
حیدرآباد: حیدرآباد کے پرانے شہر کے کشن باغ علاقہ میں ایک دل دہلا دینے والی واردات پیش آئی جہاں ایک شوہر نے مبینہ طور پر اپنی 28 سالہ بیوی کو تیز دھار چاقو سے قتل کر دیا اور دو معصوم بچوں کو کمرے میں بند کرکے فرار ہو گیا۔
بہادر پورہ پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آئے اس واقعہ سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ مقتولہ نشاط بیگم کی شادی 2016ء میں سلیمان بن معاذی سے ہوئی تھی اور ان کے دو بچے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان کافی عرصہ سے تنازعات چل رہے تھے۔ اے سی پی فلک نما ایم اے جاوید کے مطابق مقتولہ نے ماضی میں شوہر کے خلاف جہیز ہراسانی کی شکایت بھی درج کرائی تھی، تاہم بعد میں دونوں کے درمیان سمجھوتہ ہو گیا تھا۔
پولیس کے مطابق چند روز قبل بھی دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا جس کے بعد پولیس نے ان کی کونسلنگ کرائی تھی۔ مقتولہ کی والدہ نے الزام عائد کیا کہ شادی کے بعد سے ہی سلیمان اپنی بیوی پر ظلم و تشدد کرتا تھا اور اسے مسلسل ہراساں کرتا رہا۔
اطلاعات کے مطابق اتوار کو دن میں ملزم نے نشاط بیگم پر چاقو سے حملہ کرکے اسے قتل کر دیا۔ واردات کے بعد اس نے اپنے دونوں بچوں کو ایک کمرے میں بند کیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ واقعہ کا انکشاف تقریباً 10 گھنٹے بعد اس وقت ہوا جب مقتولہ کے گھر والوں نے مسلسل فون کرنے کے باوجود رابطہ نہ ہونے پر گھر پہنچے۔ گھر کے اندر نشاط بیگم کی خون میں لت پت نعش دیکھ کر گھر والے سکتہ میں آ گئے۔
اطلاع ملتے ہی بہادر پورہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے عثمانیہ جنرل ہاسپٹل منتقل کر دیا۔ اے سی پی ایم اے جاوید نے بھی جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ پولیس نے ملزم سلیمان بن معاذی کی تلاش شروع کر دی ہے جبکہ قتل کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔




